این ڈی ایم اے نے امدادی کیمپوں کے میعار کے حوالے سے رہنما اصول متعارف کرا دیئے

مدادی کیمپوں کے قیام ،معیار کو موثر بنانے کیلئے رہنما اصول مرتب کرنا اہم ،قابل تعریف قدم ہے، امید ہے اصول صوبائی و ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے شعبہ ،تمام معاون اداروں کیلئے مددگار ثابت ہوں گے،لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء)این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کیمپوں کے میعار کے حوالے سے راہنما اصول باضابطہ طور پر متعارف کرا دیئے۔ چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات 14دسمبرکو اسلام آباد میں اصولوں کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی تھے۔چئیرمین این ڈی ایم اے نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آفات کے دوران امدادی کیمپ امداد اور بحالی کی کاروائیوں میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

امدادی کیمپوں کے قیام اور معیار کو موئثر بنانے کے لیے راہنما اصول مرتب کرنا ایک اہم اور قابل تعریف قدم ہے۔ ان اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے امدادی کاروائیوں کو بر وقت اور موئثر انداز میں مکمل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ راہنما اصول صوبائی اور ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے شعبہ اور تمام معاون اداروں کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ممبر آپریشن این ڈی ایم اے برگیڈئیر مختار احمد نے کہا کہ کیمپوں کے میعار کے حوالے سے متعارف کیئے گئے یہ اصول صوبائی ، ضلعی اور علاقائی سطح پر انتظامیہ اور غیر سرکاری تنظیموں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ ان اصولوں کے ذریعے بروقت اور موئثر امدادی کاروئیاں عمل میں لائی جا سکیں گی اور امدادی کیمپوں میں متاثرین کو امدادی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔

این ڈی ایم اے ایکٹ 2010 کی شق 11(a) کے مطابق این ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ امدادی کیمپوں میں متاثرین کو خوراک ، دوائیں ،اور پناہ مہیا کرنے کے لیے راہنما اصول مرتب کرے۔ اسی تناظر میں یہ راہنما اصول متعارف کرائے گئے ہیں۔ اصولوں کی تیاری میں IOM, UNHCR اور SPEHER کی مشاورت بھی شامل رہی ہے۔ یہ اصول وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے منظور شدہ ہیں اور بعد ازاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمشن کو بھی توثیق کے لیے پیش کیئے جائیں گے۔