قومی وطن پارٹی کا القدس کے حوالے سے امریکی فیصلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:03

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) قومی وطن پارٹی نے پشاور پریس کلب کے سامنے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق احمد خان کر رہے تھے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین افضل پنیالہ ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی ،جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان اوردیگر ضلعی و سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے عہدیداراور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طارق احمد خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ بیت المقدس کے حوالے امریکہ اپنا فیصلہ واپس لے کر القدس کو اسرائیل کی بجائے فلسطینی دارالحکومت تسلیم کر لے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکی اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید تشویش اور بے چینی پھیل چکی ہے اور ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکی فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور پوری امت مسلمہ اس کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔انھوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں اور ہر مرحلہ پر ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی کی طرف سے صوبہ کے تمام اضلاع میں امریکی فیصلہ کے خلاف احتجاج جاری ہے اورفیصلہ واپس لینے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :