کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنا ہے۔ سلمان خان لودھی

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:03

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ضلع مالاکنڈ سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنا ہے۔ اور عوام کا براہ راست سرکا ری افسران تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ وہ یونین کونسل آگرہ لیوی پوسٹ میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مختلف محکموں کے ضلعی سربراہوں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

جبکہ عوام نے محکموں خصوصاًً صحت عامہ سے متعلق شکایات کے انبار لگادیئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی سی مالاکنڈ نے صوبائی چیف سیکریڑی کی خصوصی ہدایات کے تحت اگرہ میں کھلی کچہری لگائی جس میں عوام نے درپیش مسائل سے متعلق تفصیلا ت پیش کیں ۔ جس پر ڈی سی نے فوری حل کے لئے بعض محکموں کو موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ بعض شکایات پر فوری کاروائی کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں سلمان خان لودھی نے کہا ۔ کہ سرکاری حکام عوام کے خادم ہیںلہٰذا وہ پوری تندہی سے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ اس سلسلے میں غفلت کے مرتکب حکام کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات کی بجائے اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :