اے سی سی اے اور وومن چیمبر آف کامرس ملتان کے زیر اہتمام کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان (اے سی سی ای) اور وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے زیر اہتمام ایک خصوصی کانفرنس ’’سمت کا تعین ۔ خواتین کاروبار میں‘‘ منعقد ہوئی۔ جب خواتین کا موضوع کاروبار اور فنانس میں آتا ہے تو اے سی سی اے اور وومن چیمبر ملتان ایجنڈے میں قیادت کے لئے سب سے آگے ہوتے ہیں۔

پاکستان میں فنانس اور کاروبار تک رسائی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین اب بھی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ بالخصوص فنانس اور کاروبار میں صنف کے تصور کا مسئلہ اب بھی موجود ہے۔ اے سی سی اے پاکستان اور وومن چیمبر ملتان ملکی سطح پر درکار تبدیلی کی حوصلہ افزائی اور اسے فروغ دینے کے لئے معروف اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کانفرنس دونوں تنظیموں جن کے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک جیسے اہداف ہیں، کے درمیان کامل شراکت داری کا نتیجہ ہے۔ تقریب میں معروف اداروں جن میں سی آئی پی ای انٹرنیشنل، رمادا ایکسیلنس ڈیلیورڈ، فاطمہ گروپ، حفیظ اور شمع کوکنگ آئل، ایس او ایس پاکستان شامل ہیں، کے نمائندے موجود تھے۔ ان اداروں نے اے سی سی اے کے ساتھ جنوبی پنجاب میں پہلی مرتبہ ایونٹ کے لئے شراکت داری کی ہے۔

ایونٹ ایک پینل مباحثہ پر مشتمل تھا جس میں ’’کارکردگی کو فروغ دینے کے لئے صنفی تنوع میں اضافہ‘‘ پر اے سی سی اے کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ تقریب میں حاضرین کو پالیسیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی جو خواتین کو اقتصادی لحاظ سے بااختیار بنانے کیلئے ضروری ہیں اور جو مضبوط معاشرے اور مضبوط معیشتوں کو فروغ دینے میں اہمیت کی حامل ہیں۔

ہیڈ آف پالیسی اے سی سی اے میناسا عارف مسعود مرزا نے رپورٹ کے اہم خدوخال پر روشنی ڈالی اور سیشن کے مقررین میں ڈائریکٹر ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملتان حسنین حیدر لانگاہ، ڈائریکٹر رمادا ملتان صائمہ فیصل، ڈپٹی جنرل منیجر وومن انٹرپرینورشپ ڈویلپمنٹ سمیڈا تانیہ بٹر اور بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر آئی ایم ایس ڈاکٹر عروج پاشا شامل تھے۔

کانفرنس کی مہمان خصوصی معروف سیاستدان اور فلاسفی سیدہ عابدہ حسین تھیں۔ انہوں نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کاروبار کے علاوہ مختلف پیشوں میں خواتین کی نمائندگی میں ہونے والے اضافہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اے سی سی اے پاکستان اور وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کی جانب سے کاروبار میں خواتین کی شمولیت اور آگاہی فراہم کرنے کی جانب یہ ایک بہترین اقدام ہے۔ خواتین کے مقام کے بارے میں صوبائی کمیشن کی چیئرپرسن فوزیہ وقار کا خطاب اہمیت کا حامل تھا جنہوں نے پاکستان بھر میں خواتین کے لئے اقتصادی مواقع بڑھانے پر بات کی۔ انہوں نے مختلف نوعیت کے امور پر روشنی ڈالی جو ان کا ادارہ خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد کے لئے کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :