حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، الله کے فضل سے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،سربراہ کانفرنس میں پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا، امید ہے امریکہ اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے گا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:00

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، الله کے فضل سے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ میٹنگ کیلئے یہاں پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہیں حکومت کو کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا، ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ جون میں عبوری حکومت بنے گی۔

حسن نواز کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، بیٹے حسن نواز، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لندن کی میٹنگ پہلے سے طے شدہ تھی اور یہ کوئی مخصوص فیصلہ کرنے کیلئے نہیں تھی۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی کے اس بیان کہ انہیں اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کا یقین نہیں، کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، اگر سپیکر کے کوئی تحفظات ہیں تو وہ انہیں دور کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم جو القدس شریف کے بارے میں او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے بعد ترکی سے لندن پہنچے تھے، نے کہا کہ انہوں نے سربراہ کانفرنس میں پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا، امید ہے کہ امریکہ اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے گا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک طور پر کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد انشاء الله حکومت تشکیل دیں گے۔