چکوال، یوم تحفظ القدس کے حوالے سے آج ریلی نکالی جائے گی

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:51

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) یوم تحفظ القدس شریف پورے دینی و مذہبی جوش و خروش اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ جمعتہ المبارک 15دسمبر کو صبح دس بجے ون فائیو چوک سے لے کر بھون چوک تک ایک ریلی نکالی جائے گی، جس میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ جمعرات کے روز یوم تحفظ القدس کے حوالے سے ایک اعلیٰ،ْ سطحی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران، ضلع و تحصیل کونسل کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں ، تمام مکاتب فکر کے علماہ، تاجر برادری کے نمائندوں، سیاسی و سماجی نمائندوں، خصوصی طو رپر شریک تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ہدایت پر امت مسلمہ کے ساتھ بیت المقدس کے تحفظ اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعتہ المبارک کو یوم تحفظ القدس منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس دن کو منانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، سول سوسائٹی، سکولوں، وکالجوں کے اساتذہ و طالباء ، تاجر برادری، سیاسی وسماجی نمائندوں کے علاوہ عوام الناس کی بھرپور شرکت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اجتماع اور ریلیاں تمام تحصیلوں میں بھی منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اس موقع کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں اور ریلیوں کے روٹس پر خصوصی بینرز، پینا فلیکس لگائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ریسکیو 1122، محکمہ ہیلتھ، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے اس موقع پر خصوصی انتظامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی ون فائیو چوک سے لیکر بھون چوک پر اختتام پذیر ہوگی اور وہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مذہبی، سیاسی، سماجی، تاجر برادری و دیگر خصوصی تقاریر کریں گے۔