حکومت نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں،حافظ حفیظ الرحمن

گلگت سیوریج پلانٹ کا منصوبہ 2019ء سے قبل مکمل کرایا جائیگا ،حکومت بھرپوروسائل فراہم کریگی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے کام کا ٹینڈر میرٹ پر کرایا گیا ہے ، وزیراعلی گلگت بلتستان

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:50

گلگت بلتستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ گلگت سیوریج پلانٹ کا منصوبہ 2019ء سے قبل مکمل کرایا جائے گا جس کیلئے حکومت بھرپوروسائل فراہم کرے گی۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے کام کا ٹینڈر میرٹ پر کرایا گیا ہے جو این ایل سی جیسے بڑے ادارے کو ملا ہے۔

این ایل سی اور ترکی کے ایک مشہور کمپنی جس کو سیوریج پلانٹس کے حوالے سے بین الاقوامی تجربہ حاصل ہے دونوں اداروں کے باہمی تعاون سے اس میگا منصوبے کو شروع کیاجارہاہے۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے کام کی تکمیل کا مدت 2سال ہے لیکن این ایل سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک سال کی مدت میں کام مکمل کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

تمام میگا پروجیکٹس مقررہ مدت سے قبل مکمل ہورہے ہیں یہ سب حکومت کی مثبت پالیسیوں اور میرٹ کو یقینی بنانے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

این ایل سی جیسے بڑے کمپنی کا گلگت بلتستان میں مختلف منصوبوں میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ زون ٹو کی کاغذی کارروائی کو جلد از جلد مکمل کرکے متعلقہ فورم میں منظوری کیلئے پیش کی جائے ۔صوبائی حکومت نے اس میگا منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے سفارش کی ہے تاہم زون ٹو کے کام کو بروقت مکمل کروانے کیلئے صوبائی حکومت بھی وسائل فراہم کرے گی۔

گلگت میں سیوریج کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے بعد سکردو اور چلاس میں بھی سیوریج سسٹم پر کام کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی یقینی بنانے کیلئے اداروں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور این ایل سی کے مابین سیوریج پلانٹ کی تعمیر کے حوالے سے MoUپر دستخط کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہاکہ انٹرنیشنل کمپنیز کی گلگت بلتستان کے منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے ٹینڈر میں حصہ لینا اور منصوبوں پر کام کرنا علاقے کی تعمیرو ترقی کیلئے انتہائی مثبت ثابت ہوگا۔

تمام میگا پروجیکٹس بھی مقررہ مدت سے قبل مکمل کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان ملک کا پہلا صوبہ ہے جو اس طرح کا جدید سیوریج سسٹم اپنے صوبے میں شروع کررہاہے جس کو این ایل سی اور ترکی کے بین الاقوامی مہارت رکھنے والے ادارے کے تعاون سے مکمل کیاجارہاہے۔