عیسائی برادری ملکی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے، گورنر سندھ

ریاست کے نظریہ میں بھی اقلیتوں کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مواقعوں کی فراہمی کے لئے ان کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے، محمد زبیر تعلیم وصحت کے شعبوں میں عیسائی کمیونٹی اہم کردا ر ادا کررہی ہے۔بشپ نذیر عالم کی قیادت میں تین رکنی وفد سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:23

عیسائی برادری ملکی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام رواداری ،باہمی ربط ،بھائی چارے اور ہم آہنگی قائم کرنے کے ساتھ اقلیتوں کو تحفظ اور مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے جبکہ ریاست کے نظریہ میں بھی اقلیتوں کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور مواقعوں کی فراہمی کے لئے ان کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے، عیسائی برادری ملکی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار اورعیسائی برادری کے رہنما قومی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں اس ضمن میں ان کی خدمات ناقابل تحسین ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں بشپ نذیر عالم کی قیادت میں ملنے والے تین رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے حکومت عوام کے تعاون سے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں اکثریت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا ہر قسم کا خیال رکھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار بڑا واضح ہے ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے دیگر شعبوں میں اقلیتی برادریوں با الخصوص عیسائی کمیونٹی اہم کردا ر ادا کررہی ہے ، جذبہ انسانیت سے سرشار افراد معاشرہ کا قیمتی اثاثہ ہیں ،حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جاری ترقیاتی کاموں میں ان کی بھرپور شمولیت کو بھی یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات کے شعبوں کی ترقی سے غریب افراد کی کفالت اور نگہبانی کے لئے عیسائی برادری سرفہرست خدمات انجام دے رہی ہے ،با الخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، عیسائی برادری کرسمس کے تہوار کے ساتھ نئے برس کی آمد کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں بھرپور حصہ لینے کی تیاریوں میں مصروف ہے ،ان تقریبات میں ملک کی ترقی ، خوشحالی اور سلامتی واستحکام کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام خوش آئنداور ان کی وطن سے محبت کا والہانہ اظہار بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار بھرپور طریقہ سے منارہی ہیں ۔گورنرسندھ نے عیسائی برادری کے رہنمائوں کی جانب سے امن کے پیغام کو عام کرنے کے لئے تقریبات کے انعقاد پر انھیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی کاوش ہے جسے ہر سطح پر سراہا جانا چاہئے ہم سب کو مل کر امن وامان کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا اس ضمن میں حکومت ہر مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں بشپ نذیر عالم نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اس کی ترقی و خوشحالی عیسائی برادری کی ترقی و خوشحالی ہی ہے ، صوبہ کی ترقی میں ہمارا کردار دراصل ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :