پاکستان کیلیے امریکی امداد دہشت گردوں کیخلاف مؤثرکارروائی سے مشروط

افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ، دوسری صورت میں نقصان ہوگا،ٹرمپ

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:20

پاکستان کیلیے امریکی امداد دہشت گردوں کیخلاف مؤثرکارروائی سے مشروط
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کولیشن فنڈ سپورٹ کی مد میں ملنے والے 70 کروڑ ڈالر میں سے نصف رقم وزیر دفاع جیمز میٹس کی منظوری سے مشروط کر دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دیدی ہے تاہم انہوں نے پاکستان کے لیے آدھی امداد امریکی وزیر دفاع کی منظوری سے مشروط کردی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے پاکستان کے لیے کولیشن سپورٹ فنڈ کے بل پر دستخط بھی کر دیے ہیں جس کے مطابق اگر جیمز میٹس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مؤثر کارروائی کا سرٹیفکیٹ دیں گے تو پاکستان کو پورے 70 کروڑ ڈالر ملیں گے، بصورت دیگر آدھی رقم پر گزارہ کرنا ہوگا۔خیال رہے کہ رواں برس اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں، مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ، دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔