نیب نے چوہدری بردران کو اثاثہ جات کیس میں15دسمبر کو پھر طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 دسمبر 2017 16:47

نیب نے چوہدری بردران کو اثاثہ جات کیس میں15دسمبر کو پھر طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 دسمبر۔2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے راہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو اثاثہ جات سے متعلق کیس میں 15 دسمبر کو طلب کرلیا۔نیب کے سینئر اہلکار نے گزشتہ روز ڈان کو بتایا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے دونوں راہنماﺅں کو طلب کیا گیا۔

اس سے قبل دونوں رہنما 6 نومبر کو نیب کے لاہور دفتر میں پیش ہوئے تھے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔واضح رہے کہ چوہدری برادران کو مبینہ طور پر غیر قانونی اثاثے رکھنے کے خلاف تحقیقات کا سامنا ہے۔نیب کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماﺅں کے اثاثے ان کی آمدنی سے زائد ہیں‘اس حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وہ نیب کو اپنی جائیداد سے متعلق سب کچھ بتا چکے ہیں لیکن نیب کے بلانے پر دوبارہ پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے اور کسی تحقیقات سے خوف زدہ نہیں، یہ ہمارے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے، بھٹو کی حکومت میں ان کے خاندان نے 135 مقدمات کا سامنا کیا تھا۔مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے کہا کہ ان کی سیاسی زندگی میں انہوں نے تین قتل کے مقدمات کا سامنا کیا، جو بدنیتی کی بنیاد پر دائر کیے گئے تھے۔یاد رہے کہ نیب کی جانب سے راہنماﺅں کو 12 سال قبل دائر کیے گئے مقدمے میں طلب کیا گیا۔

خیال کیا جارہا ہے کہ چوہدری برادران پر یہ مقدمہ ختم ہوجائے گا کیونکہ نیب کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔موجودہ صورتحال میں چوہدری شجاعت پاکستان مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو دوبارہ ایک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاکہ وہ آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سخت مقابلہ کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :