پیوپاکا سفارتخانے میں ڈراپ باکس سسٹم بحال کرنے کا مطالبہ

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:04

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پیوپا )راولپنڈی چیپٹر نے سعودی سفارتخانے کی جانب سے ڈراپ باکس ختم کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس فیصلے سے اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا اور بیرون ملک ملازمت کا حصول مشکل ترین ہو جائے گا ۔

پیوپا نے مطالبہ کیاکہ سفارتخانے میں ڈراپ باکس سسٹم بحال کیا جائے ۔پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن راولپنڈی زون کے نائب صدر شکیل عباسی نے گذشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پی او ای پی ای)کو اعتماد میں لیے بغیر سفارتخانے سے پیوپا کے ڈراپ باکسز ختم کردیئے ہیں جس سے پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے پاکستان بھر میں ممبران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پیوپا عہدیدار نے بتایاکہ ڈراپ باکس کے خاتمے کے بعد تمام اوورسیز پروموٹرز کو تمام پاسپورٹ فرداً فرداً لانے کی نئی ہدایات جاری کی ہیں جو کہ ایک مشکل ترین عمل ہے اور4000 سے زائد پیوپا ممبران کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایسا کرنا ناممکن ہے ۔دریں اثناء پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین سید رحمت شاہ نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر سے ڈراپ باکس ختم کرنے کا فیصلہ واپس لینے اور ڈراپ باکس سسٹم بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔