Live Updates

سپیکر کا ڈکٹیٹر کی تعریف کرنا ایوان کیساتھ مذاق ہے ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم اراکین کی سردارایاز صادق کے انٹرویو پر تنقید

سپیکر کی بین السطور گفتگو نے ابہام پیدا کیا ، اس سے منفی پیغام دیا گیا ہے ، حکومت کی ناکامی کے ذمہ دار حکومت اور سپیکر خود ہے ، سپیکر کی جانب سے ایک ڈکٹیٹر کی تعریف کرنا اس ایوان کیساتھ مذاق ہے ، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی سپیکر ہی اس کا صحیح جواب دے سکتے ہیں ، وہ خود جب اسمبلی آئیں گے تو اراکین ان سے خود پوچھ لیں ، ان کی باتوں پرتمام پارلیمنٹرینز کو تحفظات ہیں،، وزیر پارلیمانی شیخ آفتاب احمد کا جواب

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:01

سپیکر کا  ڈکٹیٹر کی تعریف کرنا ایوان کیساتھ مذاق ہے ، پی ٹی آئی اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اراکین نے سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر کی جانب سے بین السطور گفتگو نے ابہام پیدا کیا ہے جس سے منفی پیغام دیا گیا ہے ، حکومت کی ناکامی کے ذمہ دار حکومت اور سپیکر خود ہے ، سپیکر کی جانب سے ایک ڈکٹیٹر کی تعریف کرنا اس ایوان کیساتھ مذاق ہے ، وزیر پارلیمانی شیخ آفتاب احمد نے جواب دیا کہ سپیکر ہی اس کا صحیح جواب دے سکتے ہیں ، وہ آج خود جب اسمبلی آئیں گے تو اراکین ان سے خود پوچھ لیں ، ان کی باتوں پرتمام پارلیمنٹرینز کو تحفظات ہیں ۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدارت میں ہو ا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشور زہرہ نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے معروف ٹی وی چینل کے معروف پروگرام میں موجودہ ملکی حالات کے حوالے سے جو انٹرویو دیا گیا ہے اس سے پارلیمنٹرینز کی دل آزاری ہوئی ہے ، سپیکر اس معاملے پر وضاحت کریں ، بین السطور گفتگو نے ابہام پیدا کیا ہے ۔

سپیکر کے انٹرویو کا پارلیمان پر منفی اثر پڑے گا ۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ سپیکر کی جانب سے ناکامی کا اعتراف کرنے کے ذمہ دار حکومت اور سپیکر خود ہے ، سپیکر اس ایوان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں تو ایوان چلانا ان کی ذمہ داری ہے ، ایک ڈکٹیٹر کے دور کو بہتر کہنا جمہوری اور ایوان کیساتھ زیادتی ہے ، مشرف ایک ہی کام بہتر تھا کہ انہوں نے خواتین کی نشستوں میں اضافہ کیا اور آج یہی خواتین حکومت کا کورم پورا کرنے کا انجام دے رہی ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ان تمام تحفظات کا جواب سپیکر ایاز صادق خود دے سکتے ہیں ، یہ ان کی سوچ اور ان کا تجزیہ ہے ، وہ آج جب خود ایوان میں آئیں گے تو اراکین ان سے خود پوچھ لیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات