پارلیمان کو نا ربڑ اسٹمپ بننے دیں گے اور نا ہی اسٹیبلشمنٹ کی جاگیر-خورشید شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 دسمبر 2017 15:52

پارلیمان کو نا ربڑ اسٹمپ بننے دیں گے اور نا ہی اسٹیبلشمنٹ کی جاگیر-خورشید ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 دسمبر۔2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ حالات ہمیں بھی مشکوک لگ رہے ہیں‘ایاز صادق کو حالات کا زیادہ ادراک ہے جب کہ حالات ہمیں بھی مشکوک لگ رہے ہیں، ایک سیاسی جماعت دباﺅڈال رہی ہے کہ فوری انتخابات نہ ہوئے تو خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ جن خطرات سے ملک گزر رہا ہے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آنکھیں کھول کر چلنا ہو گا، اگر ریاستی ادارے کمزور ہوئے تو دنیا ہمیں معاف نہیں کرے گی، حالیہ امریکی اقدامات کے بعد پاکستان کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ پاکستان کی ہے، کسی گورے کالے یا کسی حکومتی گورے کی نہیں، کوئی پارلیمنٹ کی بالا دستی پر حاوی نہیں ہو سکتا، پارلیمان کو نا ربڑ اسٹمپ بننے دیں گے اور نا ہی اسٹیبلشمنٹ کی جاگیر، ہم پاکستان کے آئین کو مانتے ہیں، ہم بھارت، انگریز یا افغانستان کا نظریہ ماننے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

دنیا میں مسلمانوں کے لیے بہت سے مسائل ہیں، مقبوضہ بیت المقدس کا مسئلہ کھڑا ہو رہا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ایک بیٹے کو مراعات دی جائیں اور دوسرے کو محروم رکھا جائے یہ کہاں کا انصاف ہے، فاٹا کے 95 فیصد لوگ متفق ہیں کہ پاکستان میں شامل ہونا ہے، فاٹا پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، انھیں تمام حقوق دیے جائیں، فاٹا پر ایف سی آر کی صورت میں جہالت پر مبنی قانون نافذ ہے، پاکستان میں رہتے ہوئے بھی وہ اپنے حقوق استعمال نہیں کر سکتے، ملکی تاریخ میں پہلی بار فاٹا کے عوام کو شناخت دینا چاہتے ہیں۔