پاناما اسکینڈل کیس سے کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی، نواز شریف کو علم ہے کہ ان کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں-عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 دسمبر 2017 15:41

پاناما اسکینڈل کیس سے کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی، ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 دسمبر۔2017ء) عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما اسکینڈل کیس سے کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی، نواز شریف کو علم ہے کہ ا±ن کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں،وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں کیوں نکالا، وہ کہہ ہے ہیں عدالتیں انہیں کیسے بلاسکتی ہیں وہ تو طاقتور ہیں۔کراچی بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہا کہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے اس کا مطلب ہے اس کی کرپشن خطرے میں ہے ،جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہاں طاقتورکیلئے الگ اورغریب کے لئے الگ قانون ہوتاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کی جدوجہد پاکستان میں ایک فیصلہ کن موڑ ہے، جب کرپشن کے گاڈ فادر کو ہماری عدالتوں نے گھسیٹا،پاکستان ہمیشہ کیلئے بدل چکاہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ نوازشریف کہہ رہاہے مجھے کیوں نکالا،نواز شریف یہ نہیں کہہ رہا اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی،نواز شریف کو پتا ہے کہ اس کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما کی جو ساری جدوجہد ہوئی ہے، یہ پاکستان میں ڈیفائننگ مومنٹ ہے،جب کرپشن کے گاڈ فادر کو ہماری عدالتوں نے گھسیٹا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب رول آف لا ہوتاہے تو ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی ہے، پاکستان حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔دریں اثناءکراچی میں فیڈریشن پاکستان چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس ملک کی قیادت کرپٹ ہو اس کا کوئی مستقبل نہیں جبکہ جہاں وزیر خزانہ منی لانڈرنگ کر رہا ہو تو ملک کیسے ترقی کرے گا‘ ہمارے اوپر مشکل وقت آیا ہوا ہے، پاکستان آج جہاں کھڑا ہے یہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اوپر 300 ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہو، جب آپ کا وزیر خزانہ مفرور ہو اور وزیر خارجہ 16 لاکھ روپے دوسرے ملک سے تنخواہ لے تو ایسے ملک کا کیا مستقبل ہوسکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے بتایا کہ آج سے 14 سال قبل ملائشیا کے اس وقت کے صدر مہاتیر محمد سے ان کی ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ کرپشن ہر ملک میں ہوتی ہے، ایک کرپشن وہ ہوتی ہے جو لوگوں کو تنگ کرتی ہے لیکن ملک کی اقتصادی ترقی نہیں روکتی لیکن جب آپ کے ملک کی قیادت کرپٹ ہو تو وہ ملک تباہی کی جانب جانا شروع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری 21 سال سے جاری کرپشن کے خلاف جنگ اس ملک کے مستقبل کے لیے ہے۔پولیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سب سے مشکل کام پولیس کو ٹھیک کرنا ہے، کیونکہ ملک کے لوگوں کی جان و مال پولیس پر انحصار کرتی ہے‘ پولیس ٹھیک ہو تو رینجرز کی ضرورت ہی نہیں پڑے اور رینجرز کبھی بھی وہ کام نہیں کرسکتی جو پولیس کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ نے خود رپورٹ پیش کی ہے کہ ہزاروں پولیس اہلکار جرائم میں ملوث ہیں، جب آپ کی پولیس ہی جرائم کرے گی تو پھر کرمنلز کی تو عیاشی ہوجائے گی۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب تک آپ ایک ادارے کو مستحکم نہیں بناتے، اس کو قانون کے مطابق نہیں چلاتے، جب تک یہ سب میرٹ پر نہ ہو کوئی بھی ادارہ نہیں چل سکتا۔