اسلام آباد ہائی کورٹ کا 36 سال سے قید ملزم کی رہائی کا حکم

جمعرات 14 دسمبر 2017 16:33

اسلام آباد ہائی کورٹ کا 36 سال سے قید ملزم کی رہائی کا حکم
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 36 سال سے قید ملزم کی رہائی کا حکم دے دیا ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ملزم امجد محمود کی درخواست پر سماعت کی تو ملزم کے وکیل عمران فیروز ملک نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کو دو مختلف مقدمات میں 35 سال کی سزا ہوئی تھی جبکہ ملزم 36 سال سے زائد عرصہ سے جیل میں بند ہے،جیل حکام رشوت نہ دینے پر ملزم کو رہا نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جیل سپرانٹنڈنٹ حسین رضی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو کیے گئے جرمانے کے عوض دی گئی سزا بقایا ہونے کی وجہ سے رہا نہیں کیا گیا۔عدالت نے حکم دیا کہ جیل حکام کا جواب غیر تسلی بخش ہے ملزم کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔واضح رہے کہ ملزم کو ماتحت عدالت نے قتل سمیت دو مختلف مقدمات میں35 سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔