پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام 9 ویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش کل ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ افتتاحی تقریب اور وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک آخری دن مہمان خصوصی ہوں گے، 100 سے زائد مقامی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی، چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کے وفود شرکت کریں گے، دو سے اڑھائی لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے، مختلف اشیاء پر 20 فیصد تک خصوصی ڈسکائونٹ جائے گا، چیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

جمعرات 14 دسمبر 2017 15:32

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے زیر اہتمام 9 ویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش آج ( جمعہ کو) ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی جس میں 100 سے زائد مقامی فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں۔نچیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں کاشف اشفاق نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ افتتاحی تقریب اور وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک آخری دن مہمان خصوصی ہوں گے۔

نائب صدر سارک چیمبر اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، سابق ٹی ڈی اے پی چیف ایس ایم منیر، فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر طفیل، سینئر نائب صدر عامر عطا باجوہ، نائب صدر منظور الحق ملک، صدر لاہور چیمبر طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور صدر ویمن چیمبرز کے علاوہ دیگر اہم کاروباری و تاجررہنماء بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نمائش کا بنیادی مقصد پاکستان کی فرنیچر اور متعلقہ مصنوعات کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے۔ نمائش میں سفارتکار، بزنس کمیونٹی، فرنیچر کی صنعت سے وابستہ شخصیات اور غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔ چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ کی فرنیچر انڈسٹری کے نمائندوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ دیگر ممالک کے وفود کی شرکت بھی متوقع ہے، مہمانوں تواضع کے علاوہ مناسب سکیورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

ناس میگا نمائش میں 100 سے زائد مقامی فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں جبکہ اس میں دو سے اڑھائی لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ فرنیچر خریدنے کے خواہشمند افراد کو نمائش میں پیش کردہ مختلف اشیاء پر 20 فیصد تک خصوصی ڈسکائونٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو مارکیٹ رجحانات دیکھنے اور بڑے پیشہ ور افراد کی مصنوعات کے متوازی اپنے کام کی نمائش کا موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف سی دنیا بھر کی فرنیچر مارکیٹوں میں پاکستان کی موجودگی کو یقینی بنانے اور پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کے لئے مرکزی باڈی کا کردار ادا کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کی لکڑی کی صنعت بہت ترقی یافتہ ہے اور ملک کی مجموعی فرنیچر مارکیٹ کے 95 فیصد کا احاطہ کرتی ہے۔ ملک میں لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زائد یونٹ ہیں اور صرف چنیوٹ ملک کی 80 فی صد فرنیچر طلب پوری کرتا ہے جبکہ گجرات ورلڈ کلاس فرنیچر کا مرکز اور پشاور، لاہور اور کراچی دیگر اہم مراکز ہیں۔

پی ایف سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ 2015-16 میں پاکستان نے 1.69 ارب روپے کا فرنیچر کی درآمد کیا،جبکہ فرنیچر کی درآمد مقامی فرنیچر کی صنعت میں بے روزگاری کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر کی صنعت میں بہت بڑی صلاحیت ہے کیونکہ اس میں افرادی قوت اور سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔