اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْسرتاج عزیز

جمعرات 14 دسمبر 2017 15:17

اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین علاقائی اور بین الاقوامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئر مین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پائیدار قومی اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْباہمی تجارت کے فروغ کیلئے ریل ، روڈز ، بندر گاہوں کیساتھ جدید ٹیکنالوجی اور سائبر روابط کا استعمال بھی نہایت ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے تجارت دو سے تین سالوں میں دگنی ہو جائیگی۔

وہ جمعرات کو یہاں اقتصادی تعاون کی تنظیم کے نمائندہ ممالک کے 28 ویں ترقیاتی کونسل کے اجلاس کے آخری روز کی نشست سے اپنے خطاب کررہے تھے ۔سرتاج عزیزنے اقتصادی تعاون کی تنظیم میں شریک رکن ممالک کے نمائندوں اور مندوبین کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون کی تنظیم تمام ممبر ریاستوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کا اہم ذریعہ ہے ،ْ حالیہ اجلاس عالمی اقتصادی و معاشی تناظر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،ْ 28 ویں ریجنل پلاننگ کونسل کا اجلاس اسلام آباد ڈکلریشن کی وجہ سے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہاکہ ہمیں اس اجلاس کے دوران تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ریل ، روڈز ، بندر گاہوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور سائبر روابط کا استعمال بھی نہایت ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے تجارت دو سے تین سالوں میں دگنی ہو جائے گی۔ تیرہویں ای سی او سربراہی کانفرنس میں علاقائی امن اور ترقی کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے جو دور جدید کی ایک اہم ضرورت ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ باہمی تعاون اور تجارت کے فروغ کے لیے تمام ممبر ریاستیں متفق ہیں۔ ممبر ریاستوں نے مل کر بین الاقوامی مسائل کا سد باب کرنا ہے۔ اب یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ان تمام مقاصد کو حاصل کریں جو کہ روز اول سے اقتصادی تعاون کی تنظیم کے بنیادی فریم ورک میں شامل ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مختلف سطح پر رکن ممالک کے عوام کے مابین رابطوں اور تعاون کو بھی بڑھایا جائے۔

ای سی او ایک ایسا بلاک ہے جو جغرافیائی لحاظ سے مغرب اور جنوبی ایشیا سب کو یکجا کرتا ہے۔ ای سی او ممالک نہ صرف قدرتی وسائل سے مالا مال ہے بلکہ اقتصادی مرکزی زون بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پائیدار قومی اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کی خاطر بھی تمام رکن ممالک کے مابین علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :