باغبانوں کو رواں ماہ دسمبر کے دوران باغات میں فاسفورس ، پوٹاش ،زنک ، گوبر کی کھاد ڈالنے کی ہدایت

جمعرات 14 دسمبر 2017 14:22

فیصل آباد۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء)محکمہ زراعت نے ترشاوہ باغات سے بہترین پیداوارحاصل کرنے کیلئے باغبانوں کو رواں ماہ دسمبر کے دوران باغات میں فاسفورس ، پوٹاش ،زنک ، گوبر کی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ باغبان حضرات آم کے باٖغات کیلئے فی پودا ٹرپل سپر فاسفیٹ 2کلو گرام ، یوریا 1کلو گرام ، ایس او پی 2کلو گرام ، جپسم 10 کلو گرام اور گوبر کی کھاد 80کلو گرام جبکہ ترشاوہ باغات کیلئے گوبر60کلو گرام ، فاسفورس750گرام ، پوٹاش 500گرام اور زنک سلفیٹ 50گرام فی پوداڈالیں۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ آم کے باغات میںگدھیڑی کے کنٹرول کیلئے تنے پر بند لگائے جائیں اور گدھیڑی کے انڈوں کی تلفی کیلئے پودوں کے نیچے گوڈی کرکے مناسب زہر کا سپرے بھی کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ باغبان چھوٹے پودوں کو سردی سے محفوظ بنانے کیلئے ڈھانپنے کا عمل مکمل کریں۔انہوںنے مزید بتایا کہ ترشاوہ باغات میں پھل کی برداشت تیز دھار کٹر سے کی جائے کیونکہ ہاتھ سے پھل توڑنے کی صورت میں زخمی شدہ پھل کی کوالٹی خراب ہو جاتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اس طرح ٹہنیاں بیماری کا شکاربھی ہو جاتی ہیں جبکہ اس طرح پودے اور باغات انحطاط کا شکار ہو سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جن اقسام کی برداشت کی گئی ہے ان کی بیمار اور سوکھی شاخیںکاٹنے کے بعد بورڈو مکسچر یا کاپر والی کسی دوسری مناسب زہر کا سپرے کیاجائے نیز ترشاوہ باغات میں سردیوں کے موسم میں زیادہ آبپاشی سے پرہیزبھی ضروری ہے۔