حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، خواجہ آصف

جمعرات 14 دسمبر 2017 12:45

حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، خواجہ آصف
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء)وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نیکہا ہے کہ حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور منتخب حکومت کسی بھی صورت غیر مستحکم نہیں ہوگی۔لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے ملک میں جمہوریت کے غیرمستحکم ہونے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالات مستحکم ہیں۔

ان کا کہنا تھا، 'پارلیمنٹ کا اپنا دباؤ ہے، لیکن حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی'۔خواجہ آصف کا کہنا تھا، 'ملک کے حالات بہتر ہیں، حکومت 70 فیصد ایجنڈا حاصل کرچکی ہے اور جلد ہی تمام مسائل پر قابو پالیں گی'۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ شاید اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہ کریں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا، 'اپوزیشن کا الائنس بنانا اور مخالفت کرنا ان کا حق ہے، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں'۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ یہاں آفیشل میٹنگ کے لیے آئے ہیں، جہاں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کی بھی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ 'کسی بہت اہم اور بڑی میٹنگ کی بات غلط ہی'۔