نوازشریف، مریم نواز کی 18 دسمبر کو وطن واپسی ہوگی

بیگم کلثوم کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، تاہم مزید علاج کے لیے انہیں لندن میں رہنا پڑے گا، اٴْن کی دیکھ بھال کے لیے حسن اور حسین نواز وہاں موجود ہوں گی: ذرائع

جمعرات 14 دسمبر 2017 12:45

نوازشریف، مریم نواز کی 18 دسمبر کو وطن واپسی ہوگی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، مریم نواز 18 دسمبر کو برطانیہ سے پاکستان پہنچیں گے اور اگلے روز 19 دسمبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مریم نواز جو لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے موجود ہیں، اٴْن کی واپسی 18 دسمبر پیر کے روز ہوگی اور اگلے روز دونوں باپ بیٹی احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

شریف خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، تاہم مزید علاج کے لیے انہیں لندن میں رہنا پڑے گا، اٴْن کی دیکھ بھال کے لیے حسن اور حسین نواز وہاں موجود ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق 19 دسمبر کو پنجاب ہاوس اسلام آباد میں اعلٰی سطحی مشاورتی اجلاس ہو گا، جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرا علٰی پنجاب شہباز شریف، راجہ ظفرالحق، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شریک ہوں گے۔اجلاس میں سیاسی صورت حال پر مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی، سینیٹ انتخابات، عام انتخابات ، قبل از وقت انتخابات کے آپشن پر بھی غور ہو گا، ان اہم ایشوز پر سابق وزیراعظم نواز شریف اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔