فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا․

الیکشن کمیشن ایم کیوایم کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والی11 ارکان کو ڈی سیٹ کرے ،فاروق ستار کی استدعا

جمعرات 14 دسمبر 2017 12:32

فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کیخلاف الیکشن کمیشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ وہ پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ان 11 ارکان کو ڈی سیٹ کرے جو دوسری جماعتوں میں شامل ہوگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے جس میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ان 11 ارکان کو ڈی سیٹ کیا جائے جو دوسری جماعتوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

فاروق ستار کی جانب سے دائر ریفرنس میں 2 قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کے ارکان شامل ہیں جن میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضی خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار کی نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام اراکین نے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے اس لئے انہیں ڈی سیٹ کیا جائے ۔