شہرمیں تجاوزات قائم کرنے والوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 14 دسمبر 2017 11:44

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب کی زیر صدارت پشاور کے تاجروں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو تاجران نے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔انھوں نے کہا کہ پشاور میں کیمیکل ملے دودھ کا کاروبار کر نے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ جبکہ ٹریفک کے مسائل اور سڑکوں کی کشادگی کے بارے میںبھی درخواست کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ پشاور میں غیر قانونی بغیر پر مٹ رکشوں کی بھر مار ہے اور بغیر پرمٹ رکشوں اور دیگر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔تاجران نے مطالبہ کیا کہ پشاور میں مضر صحت اشیاء کا کاروبار کر نے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ تاجران بازاروں میں غیر قانونی تجاوزات قا ئم کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں کے مسائل غور سے سنے اور ان کے جائز مطالبات کو حل کر نے کی یقین دہائی کروائیں۔ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ اندرون شہر میںاکثر دکانداروں نے اپنی دکانوں سے باہر تجاوزات قا ئم کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے را ہگیروں اور خواتین کو بہت زیادہ تکلیف کا سامنا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بہت جلد ان تجاوزات قا ئم کر نے والوں کے خلاف سخت کریک دائون کر ے گی۔

اس موقع پر تاجر ان نے ڈپٹی کمشنر پشاور کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا کہ تاجران انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء للہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز قیصر خان کنڈی، جاوید انور کمال، طارق حسین،عنایت اللہ خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صافین تحفظ سید بادشاہ ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر محمد خالد خان، ایس ایچ او شرقی دوست محمد، ممبران صارفین تحفظ ملک اکرام، حفیظ الرحمان کیانی، ملک افتخار، تاجران نمائندوں میں ملک مہر الہٰی، شرافت علی مبارک، محمد احتشام حلیم، محمد اقبال، حلیم سید،حاجی اقبال، منصور بخاری سمیت دیگر تاجران نے شرکت کی۔