کاشتکاروں کیلئے خوشخبری ،ڈیرہ غازیخان اور راجن پور کی ششماہی نہر وںمیں اگلی12دنوں کیلئے پانی چھوڑدیاگیا

بدھ 13 دسمبر 2017 23:50

ملتان ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ڈیرہ غازیخان اور راجن پور کے کاشتکاروں کیلئے خوشخبری۔ سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی خصوصی کاوشوں سے ڈی جی اورداجل کی ششماہی نہر وں میںاگلے 12دنوں کیلئے پانی چھوڑ دیا گیا ہے ۔یہ پانی 14دسمبر کو کسی بھی وقت چوٹی زیریں کے مقام ہیڈ زیرو پر پہنچ جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل کاشتکاروں نے ایک سیمینار میں سیکرٹری زراعت پنجاب سے پُر زور مطالبہ کیا تھا کہ فصلوں کی کاشت اور آئندہ سورج مکھی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کیلئے پانی مہیا کیا جائے جس پر سیکرٹی زراعت پنجاب نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ آپ لوگوں کو بر وقت پانی مہیا کیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ششماہی نہروں میں پانی کی فراہمی 21اکتوبر سی31مارچ تک مستقل بند رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کے مطالبات کے پیش نظر سیکرٹری زراعت پنجاب نے سیکرٹری آبپاشی سے رابطہ کیا اور انہیں کاشکاروں کے مطالبات اور ضروریات کے مطابق اگلے چند دنوں کے لیے خصوصی طور پر پانی فراہم کرنے کے بارے میں کہا ۔کاشتکاروں کے مطالبات پر عمل درآمد کیلئے سیکرٹری آبپاشی نے ارسا حکام سے فوری طور پر رابطہ کر کے اضافی پانی حاصل کیا تاکہ داجل کینال کو اگلے چند دنوں کیلئے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے جس پر ارسا حکام نے ہیڈ تونسہ سے پانی کی فراہمی گزشتہ رات سے جاری کر دی ہے۔

اس مرحلہ پر دستیاب پانی ڈیرہ غازیخاںاورراجن پور کے کاشتکاروں کو ربیع کی فصلوں کی کاشت کیلئے بہت سودمندثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :