دودن تک مسلسل موبائل فون پر گیم کھیلنے والا چینی نوجوان فالج میں مبتلا ہو گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 13 دسمبر 2017 23:48

دودن تک مسلسل موبائل فون پر گیم کھیلنے والا چینی نوجوان فالج میں مبتلا ..
بیجنگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 13دسمبر 2017ء ):دودن تک مسلسل موبائل فون پر گیم کھیلنے والا چینی نوجوان فالج میں مبتلا ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق موبائل پر موجود آئن لائن گیمز کی لت انسانی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ایک طرف تو یہ گیمز انسان کی نفسیاتی صحت کو متاثر کر رہی ہیں اور دوسری طرف انسان کی جسمانی صحت بھی تباہ ہو رہی ہے ۔

ایسا ہی موبائل گیم کی باعث انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا واقعہ چین میں پیش آیا ہے جہاں دودن تک مسلسل موبائل فون پر گیم کھیلنے والا چینی نوجوان فالج میں مبتلا ہو گیا۔چینی میڈیا کے مطابق 29 سالہ نوجوان نے 48 گھنٹوں کے دوران وقت کا بڑا حصہ موبائل فون کی اسکرین پر گردن جھکا کر گیم کھیلنے میں گزارا، تیسرے دن کی شروعات میں ہی نوجوان کو گردن کے پچھلے حصے میں شدید درد اور سختی کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں کچھ ہی دیر میں اس کے تمام اعضا ڈھیلے پڑ گئے۔

(جاری ہے)

گھر والوں نے نوجوان کو مفلوج پاکر فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا جہاں ایم آر آئی اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے اسے فالج کا حملہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گردن مسلسل جھکانے اور اس پر زور پڑنے کے سبب نوجوان کے جسم میں خون کی روانی متاثر ہوئی اور اسپائنل ٹیوب یعنی حرام مغز کی نالی میں خون کے لوتھڑے بن گئے، حرام مغز اور ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ پڑنے سے فالج کا دورہ پڑ گیا۔ڈاکٹرز کی انتھک محنت کے باعث نوجوان میں صحت کے آثار دوبارہ نمودار ہونے لگے ہیں۔