سندھ ہائیکورٹ سکھر ڈویژنل بنچ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ضروری اجازت کے بغیر خلاف ضابطہ تعمیر کی جانیوالی کثیر المنزلہ عمارتوںکو گرانے کا حکم دیدیا

بدھ 13 دسمبر 2017 23:30

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) سندھ ہائیکورٹ سکھرکے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس فیصل کمال عالم پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ضروری اجازت کے بغیر خلاف ضابطہ تعمیر کی جانیوالی کثیر المنزلہ 55عمارتوںکو گرانے کا حکم دیا ہے،درخواست گزار ایڈوکیٹ غلام شبیر پٹھان کی جانب سے عدالت عالیہ میں دائر کردہ ایک آئینی درخواست نمبرCP-D1497/2-2017 میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہر میں واقع متعدد کثیر المنزلہ عمارات تعمیر کی گئی ہیں جو مجاز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلقہ منظوری حاصل کیے بغیر ہی تعمیر کی گئی ہیں جبکہ ان عمارتوں میں فراہمی و نکاسی آب ڈرینج سسٹم پارکنگ سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا خیال نہیں رکھا گیا ہے ، درخواست گزار ے ایس بی سی اے ، سکھر میونسپل کمشنر، اور ٹاؤن پلاننگ پبلک ہیلتھ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کو فریق بنایا گیا تھا، عدالت کی جانب سے مذکور ہ احکامات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سکھر و لاڑکانہ ڈویژن کے ریجنل ڈائریکٹر نوید عاصم کی جانب سے کورٹ میں پیش کردہ 55کثیر المنزلہ عمارات کی فہرست جمع کرائی جانے پر دیا گیا جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے ان عمارتوں کی تعمیر متعلقہ ضروری منظوری نہیں لی گئی ہے اور بغیر اجازت تعمیر کیا گیا ہے، عدالت عالیہ نے ان عمارتوں کو سیل کر دیا جانے اور 17جنوری 2018تک منہدم کر کے عدالت کو اس ضمن میں رپورٹ دی جانے کا حکم صادر کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کو مذید ہدایت کی کہ وہ دوران آپریشن اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے اس ضمن میں آئی جی پولیس ، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں سے ضروری مراسلت کریں۔مذکورہ درخواست کی ابتدائی سماعت 5 دسمبر کو ہوئی عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے 12دسمبر کیلئے نوٹس جاری کیے تھے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے 55 ایسی کثیر المنزلہ عمارات اور انکے بلڈرز کے ناموں کیساتھ فہرست عدالت عالیہ کو جمع کرائی گئی تھی جو بناء اجازت تعمیر کرائی گئی ہیں، عدالت عالیہ کی جانب سے آئندہ سماعت 17جنوری 2018 کو اس حوالے سے مکمل فہرست پیش کی جانے کی ہدایت بھی کی ہے، دوسری جانب عدالتی احکامات کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ان کثیر المنزلہ عمارات کو سربمہر کیا جانے اور گرائے جانے کی تیاریاں کی جا ری ہیں۔

متعلقہ عنوان :