پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کے عمل کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 23:15

پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کے عمل کی تکمیل میں اپنا کردار ادا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کے عمل کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے حلقہ بندیوں کا مکمل ہونا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینٹ میں حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری میں تاخیر اگلے عام انتخابات میں تاخیر کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کے اصلاحاتی بل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فاٹا اصلاحات کے لیے اقدامات کا کریڈٹ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی کو جاتا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات سے متعلق بعض اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی 5 سال تک حکومت رہی لیکن وہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی فاٹا اصلاحات کے ایجنڈے کو نہ اٹھا سکی۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی طرح جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شروع کیا اب دیگر سیاسی جماعتیں فاٹا اصلاحات پر بھی کریڈٹ لینا چاہتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ووٹ بنک کو کم کرنے کے لیے کوئی بھی حکمت عملی کامیاب نہیں ہو سکتی اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔