گنے کی ٹرالیوں صبح سات تا 10 بجے رات تک شہری علاقوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی

بدھ 13 دسمبر 2017 23:15

رحیم یار خان۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء)گنے کی ٹرالیوں صبح سات تا 10 بجے رات تک شہری علاقوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ ضلع بھر کے اٹھارہ مقامات پر پابندی یقینی بنانے کیلئے پولیس کی ناکہ بندی جاری ۔ یہ اقدام گزشتہ سالوں میں ٹریکٹر ٹرالی کی وجہ سے رونما ہونے والے حادثات اور عوامی مشکلات کو مد نظر رکھ کر اٹھایا گیا ۔

تفصیل کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک پولیس رحیم یار خان محمد اصغر نے ڈی پی او رحیم یار خان سے منظوری کے بعد ضلع بھر کے سٹی ایریاز سے گنے سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں پر صبح سات بجے سے لے رات دس بجے تک گزرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے رحیم یار خان کے داخلی و خارجی راستوں پر پانچ مقامات ، صادق آباد میں تین مقامات ، خان پور میں پانچ مقامات پر اور لیاقت پور میں دو مقامات پر ضلعی اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ناکہ بندی لگا دی گئی جہاں پر اہلکار پابندی کے اوقات میں فرائض سر انجام دے کر اس حکم پر عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں کاشتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کو بھی آگاہی فراہم کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

یہ اقدام خالصتاً دن کے وقت سڑکوں پر عوامی مشکلات ، خصوصاً سکول کے اوقات میں سڑکوں پر طلبہ کی آمد رفت اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی وجہ سے گزشتہ سالوں میں ہونے والے حادثات کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔