صوبہ سندھ اور بلوچستان میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنا لمحہ فکریہ ہے۔ڈپٹی کمشنر

بدھ 13 دسمبر 2017 23:15

رحیم یار خان۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ و بلوچستان میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنالمحہ فکریہ ہے اور دونوں صوبوں کے بارڈر پر موجود ہونے کے باعث ضلع رحیم یار خان کو پولیو جیسے موذی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہمیں مزید محنت اور ذمہ داری سے انسداد پولیو مہم کے دوران فرائض کی ادائیگی کرنا ہو گی تاکہ ضلع رحیم یار خان کو پولیو فری برقرار رکھا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیو آرڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور تعاون کرنے والے ادارے مزیدمتحرک کردار ادا کریں اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے ضلع میںداخل و باہر جانے والا کوئی بھی پانچ سال سے کم عمر مسافر بچہ پولیو سے بچائو کی ویکیسن سے محروم نہیں رہنا چاہیے اس سلسلہ میں موٹر وئے پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

سی ای ا ی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر آغا توحید احمد خان نے پولیو ورک پلان، ڈیموگرافک، خانہ بدوشوں کی رجسٹریشن، پولیو ٹیموں کی تربیت، یونین کونسل سطح پر میٹنگ او رلائن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر غضنفر شفیق نے پولیو مہم میں شامل ملازمین کی تحصیل سطح پر موجود افرادی قوت بارے بریفنگ دی۔ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان نے ماچھکہ، دریائی اور چولستان کی یونین کونسلوں کے لئے ترتیب دیئے جانے والے پولیو پلان بارے آگہی فراہم کی۔

ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر مفکر میاں نے گلوبل صورتحال اور پاکستان میں حالیہ ہونے والے پولیو کیسز کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ انہوں نے پولیو ٹیموں کی موثر تربیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فرقان تتلہ نے خانہ بدوش بچوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر مہم کے لئی11ہزار910خانہ بدوش پانچ سال سے کم عمر بچوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو مہم ضلع میں18دسمبر سے شروع ہو گی جو 22دسمبر تک جاری رہے گی اور اس مہم کے دوران 9لاکھ25ہزار557پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوائے جائیں گے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ وہ پولیو مہم کا افتتاح اس مرتبہ بھی ہائی رسک یونین کونسل ماچھکہ سے کریں گے۔

متعلقہ عنوان :