زرعی یونیورسٹی اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مابین تعلیم و تحقیق‘ طلبہ کی انٹرن شپ‘

سٹاف اور طلبہ کے باہمی تبادلوں‘ قومی و بین الاقوامی تقریبات کے انعقاداور ایک دوسرے کی سہولیات سے استفادہ کیلئے باہمی سمجھوتے پر دستخط

بدھ 13 دسمبر 2017 23:14

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) زرعی یونیورسٹی اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ایف آئی سی)کے مابین تعلیم و تحقیق‘ طلبہ کی انٹرن شپ‘ سٹاف اور طلبہ کے باہمی تبادلوں‘ قومی و بین الاقوامی تقریبات کے انعقاداور ایک دوسرے کی سہولیات سے استفادہ کیلئے باہمی سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔ یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ روم میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کے سمجھوتے پر ڈین کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز کے ڈین پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ اور ایف آئی سی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رائے ذوالفقارعلی نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر انجم جلال کی موجودگی میں دستخط کئے۔

اس موقع پراپنے خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے معاہدے کو اہم پیش رفت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی غذاء کو متوازن اور متنوع بناتے ہوئے فاسٹ فوڈ کے استعمال میں احتیاط کے ذریعے بیماریوں کے دبائو میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے طرز زندگی‘ کھانوں کی عادات اور معاشرتی مسائل اور الجھنوں کی وجہ سے انسانی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے جسے خوراک کو غذائیت سے بھرپور اور متنوع بناتے ہوئے متحرک لائف سٹائل اور سیر اور ورزش کو زندگی کا جزو لازم بنانا ہوگا۔

ڈاکٹر انجم جلال ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف آئی سی نے کہا کہ نچلی سطح پر غذائیت سے بھرپور غذاء کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور دونوں اداروں کے مابین معاہدے کے بعد ماہرین اور نوجوانوں کوایک دوسرے کے تجربات اور تحقیقاتی نتائج اور اعدادو شمار کے تبادلے کا موقع میسر آئے گا۔ ڈین کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ ہمیں انسانی خوراک میں ان تمام غذائی اجزاء کی شمولیت یقینی بنانا ہے جس کے ذریعے انسانی صحت کو برقرار رکھا جا سکے۔

دونوں ادارے معاہدے کوعملی طور پر آگے بڑھانے کیلئے فوکل پرسنز مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ ماہرین کی فیلڈ اور لیب تحقیقات کے نتائج اور اعدادو شمار کا بھی تبادلہ کر سکیں گے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف ‘ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر ظہور‘ ڈاکٹر عیسیٰ خان‘ ڈاکٹر اللہ رکھا اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :