حافظ آباد،ڈسٹرکٹ پریس کلب کے عہدیداران برائے سال 2018 کا انتخاب مکمل

حاجی امجد پرویز چٹھہ بھاری اکثریت سے چیئرمین منتخب

بدھ 13 دسمبر 2017 23:05

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2017ء)ڈسٹرکٹ پریس کلب/ ڈسٹرکٹ یونین آف جر نلسٹس(رجسٹرڈ) حافظ آبادکے عہدیداران برائے سال 2018کے لیے عہدیداروں کا انتخاب مکمل ہو گیا۔ حاجی امجد پرویز چٹھہ بھاری اکثریت سے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ دوسرے عہدیداروں میں رانا محمد ارشد انجم صدر، حافظ محمد عزیز الرحمن جنرل سیکرٹری، ملک حامد رضا سیکرٹری فنانس، علی ناصر جائنٹ سیکرٹری،محمود الحسن صدیقی سیکرٹری اطلاعات اور ندیم عباس گجر آفس سیکرٹری منتخب ہو ئے۔

اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے فرائض ڈاکٹر ظہیر اکبر مرز نے سر انجام دیئے جبکہ شیخ محمد زاہد اور حافظ محمد رفیق گجر ممبران الیکشن بورڈ تھے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نو منتخب چیئرمین حاجی امجد پرویز چٹھہ نے 65جبکہ ان کے مدمقابل رائے غضنفر نے 9ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

صدر کے عہدہ کے لیے رانا محمد ارشد انجم نے 64جبکہ ان کے مد مقابل رانا صفدر نے 10ووٹ حاصل کیے اسی طرح جنرل سیکرٹری کی سیٹ کے لیے حافظ محمد عزیز الرحمن نے 63 جبکہ ان کے مخالف اُمیدوار چودھری جاوید اسد نے 11ووٹ حاصل کیے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما محمد کاشف رنداھاوا نے پریس کلب آکر نو منتخب عہدیداران کو مبارکبارد پیش کی اور پریس کلب کے لیے ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید نے پریس کلب حافظ آباد کے نو منتخب عہدہ داروں چیئرمین چودھری امجد پرویز چٹھہ ،صدر رانا محمد ارشد انجم ، جنرل سیکرٹری حافظ محمد عزیز الرحمن ،نائب صدر عابد پھلروان ،جائنٹ سیکرٹری علی ناصر ،فنانس سیکرٹری ملک حامد رضا ،سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمود الحسن صدیقی ،آفس سیکرٹری ندیم عباس گجر کو انکے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

اُنہوں نے یہ توقع ظاہر کی کہ نئے عہدہ دار پریس کلب کے اجتمائی مفاد کے لیے مل جل کر کام کریں گے اور انکی قیادت میں پریس کلب کے مسائل کے حل اور اسکی بہتری کے لیے زیادہ مربوط اور موثرقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے سابق چیئرمین پریس کلب حاجی شفقت حسین تارڑ اور انکے رفقاء کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی بالخصوص سراہا۔نو منتخب چیئرمین نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی ،عوامی سماجی اور فلاحی اقدامات کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کو پریس کلب کا مکمل اور غیر مشروط تعاون حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پریس کلب حافظ آباد کے عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے کا فریضہ ادا کرتے ہوئے یہ توقع بھی رکھے گا کہ انکے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔