ْبہت جلد کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے ڈینگی ملازمین کو مستقل کر دیا جائے گا‘خواجہ عمران نذیر

حکومت صوبے کی عوام کی صحت کیلئے جدید طبی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے ،مزید انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں

بدھ 13 دسمبر 2017 23:01

ْبہت جلد کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے ڈینگی ملازمین کو مستقل کر دیا جائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیربرائے پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کی عوام کی صحت کیلئے معیاری اورجدید طبی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے اور پنجاب میں صحت کے حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کوئی بھی ملازم بے روزگار نہیں ہو گا اور بہت جلد کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے ڈینگی ملازمین کو مستقل کر دیا جائے گا،لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے پے سکیل اور پروموشنز کا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے،صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں مہیا کی جا رہی ہیں اور سپیشلائئزڈ ہیلتھ کیئر کی سنٹرل انڈکشن پالیسی کی بدولت اب صوبے کے پچانوے فیصد بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے ان خیالات کا اظہارپنجاب ہیلتھ کنونشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ ہیلتھ اینڈ ویل نیس سیمنار سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پروزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اختر رشید، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز،پراجیکٹ ڈائریکٹرز،ورلڈ ہیلتھ آگنائزیشن اور یونیسیف کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹروںاور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجو کیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کا ڈینگی کنٹرول سسٹم دنیا کا بہتر ین نظام ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستا ن کا نظام صحت بین الاقوامی معیار کے ہم پلہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضلعی اور تحصیل کی سطح پرتبدیلیوں کی وجہ سے عوام الناس کو صحت کے شعبہ میں میسر آنے والی سہولیات کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں رفارمز سے انقلابی نتائج سامنے آئے ہیں۔ ہیپاٹائٹس اور ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت ہائی رسک گروپس کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنا کر بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے میں بنیادی سطح پر کام کر رہا ہے۔سیمینار کے دوران پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مختلف پروگرامز کے پروجیکٹ ڈائیریکٹرز نے شرکاء کو اپنے اپنے پروگرامز سے متعلق بریفنگ دی اور اس موقع پر شرکاء کو ڈوکومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔

متعلقہ عنوان :