دُنیا میں قیام امن کے حوالے سے پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسزکی قربانیو ںکو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے‘ملک رفیق رجوانہ

پاکستان پہلے کی نسبت کہیں زیادہ محفوظ ترین ملک ہے جس کی وجہ سے آج غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رُخ کررہے ہیں‘گورنرپنجاب

بدھ 13 دسمبر 2017 23:01

دُنیا میں قیام امن کے حوالے سے پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسزکی قربانیو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوجوان ملک وقوم کی خدمت کا فرض نبھانے کے لئے کمربستہ ہوجائیں کیونکہ وہ قوم کاسرمایہ اورملک کا مستقبل ان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے یہ بات نیوکیمپس میں منعقدہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،ممبر سنڈیکٹ/ارکان صوبائی اسمبلی حاجی الیاس انصاری،میاں محمد رفیق،فریحہ فاطمہ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری فقیر حسین ڈوگر،زرعی یونیورسٹی اورجی سی وومن یونیورسٹی کے وائس چانسلرزپروفیسرڈاکٹراقبال ظفر،ڈاکٹرنورین عزیز قریشی،فیکلٹی ممبرز،طلباء وطالبات ان کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کامیاب اور پوزیشن ہولڈرزطلباء وطالبات اوران کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے اپنے والدین اور اس ملک کا حق لوٹانے کا وقت آگیا ہے لہذا وہ عملی میدان میں اپنی عملی وفکری صلاحیتوں کو بھرپورانداز لاکر اپنی اور پاکستان کی تقدیر کو سنواریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈگریوں کی بدولت روزگار کے حصول کی بجائے روزگارفراہم کرنے کے قابل بنیں اور عملی میدان میں مزید تعلیم وتحقیق کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ معاشرے کو ان کی خدمات کے خاطر خواہ فوائد حاصل ہوسکیں۔انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھروں میں نہ بٹھائیں بلکہ انہیں مزیدترقی کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں سے مالا مال ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آپس کے اختلافات اور سیاسی تفریق سے بالاترہوکر ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے خلوص نیت سے کردار ادا کریں۔انہوں نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی تربیت سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کومہذب اور ترقی یافتہ پاکستان دیکر جائیں۔

انہوں نے خوشی اوراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی سی یونیورسٹی میں پرامن تعلیمی ماحول کا کریڈٹ وائس چانسلر اساتذہ اور طلباء کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اور تعمیری تنقید ہر کسی کاحق ہے لیکن اگر مسائل افہام وتفہیم سے ہی طے کرنا چاہیے لہذا قومی ترقی اوراداروں کے استحکام کے لئے ہمیں احتجاج اور دھرنوں کا طریقہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

گورنر پنجاب نے جی سی یونیورسٹی کو علاقہ کے نوجوانون کیلئے بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکی ترقی کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی محنت،لگن اور مخلصانہ کوششیں قابل ستائش ہیں۔قبل ازیںوائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی مسلسل تین سال کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی آمد اور سرپرستی سے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء وطالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاً روشنی ڈالی۔دریں اثنا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں فرانسیسی پارلیمنٹری وفد نے فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے صدر جین برنارڈسیمپیٹس کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملکوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں فرانس پاکستان کے ترجیحی ملکوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو تیز کرنے کے لئے پارلیمنٹرین اور عوامی نمائندے بھر پور کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے توقع ظاہر کی کہ وہ پاکستان خصوصاً لاہور سے حسین یادیں سمیٹ کر اپنے وطن جائیں گے اور پاکستان کے صحیح امیج کو اپنی عوام کے سامنے لائیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دُنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی پاکستان بھر پور مذمت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دُنیا میں قیام امن کے حوالے سے پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسزکی قربانیو ںکو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان پہلے کی نسبت کہیں زیادہ محفوظ ترین ملک ہے جس کی وجہ سے آج غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رُخ کررہے ہیں۔اس موقع پر وفد کے سربراہ نے پاکستان میں اپنے دورے کومفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے مزیدکہ دونوں ملکو ں کے درمیان عوامی سطح پر تبادلوں سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔اس موقع پروفد نے گورنر ہائوس لاہور کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔