میونسپل کارپوریشنز قانون کے مطابق ٹیکس کا دائرہ بڑھا کر آمدنی میں اضافہ کریں،کمشنر لاڑکانہ ڈویژن

بدھ 13 دسمبر 2017 22:55

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) ڈویژنل کمشنر لاڑکانہ محمد عباس بلوچ نے میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ سمیت شکارپور، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے چیف میونسپل افسران کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قانون کے مطابق ٹیکس کا دائرہ بڑھا کر آمدنی میں اضافہ کریں۔ گذشتہ روز اپنے دفتر میں میونسپل افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے میونسپل فنانس اسیسمنٹ اسٹڈی کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مالی سال 13-2012 سے 17-2016 تک پانچ سالوں کی ڈیٹا فراہم کی جائے جس میں پانچ سالوں کے بجٹ بکس، فنانشل اسٹیٹمنٹ ، بینک اسٹیٹمنٹ، بینک اکاؤنٹس کے تفصیل، اصل آمدنی کے ذرائع، ہیڈ وائیز اصل اخراجات کے تفصیلات، میونسپل چارجز، ٹیکس، ریٹس، سیس، فیز، وصولی کے اعداد و شمار، میونسپل املاک کی تفصیلات، رینٹ چارجز، کرایہ، پانی کنیکشن کے تفصیلات، وصول کیے گئے بل، واٹر سپلائی، سیوریج، فائر فائیٹنگ، پارکس اور روڈ کے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر محکمہ لوکل گورنمنٹ لاڑکانہ ڈویزن کے ڈائریکٹر کو تمام اسٹڈی کرنے کے لیے فوکل پرسن تعینات کرتے ہوئے کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل کی آمدنی میں اضافے کے لیے قانون کے مطابق متبادل راستے تلاش کریں تاکہ سندھ حکومت پر کم از کم بار پڑ سکے اور میونسپل ادارے اپنی شہروں میں بھی بہتر انداز میں کام کرسکیں۔ بعد ازاں کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے ایک غریب معذور کو وہیل چیئر بھی دی۔