بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی ملتان کا چودھواں کانوووکیشن 26 دسمبرکو منعقدہوگا

بدھ 13 دسمبر 2017 22:52

ملتان ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کا چودھواں کانوووکیشن 26 دسمبرکو بوقت 10-00 بجے صبح جناح آڈیٹوریم یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگا․جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب و چانسلر ملک محمد رفیق رجوانہ اور صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین کریں گے۔

(جاری ہے)

کانوووکیشن کے انتظامات کاجائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا کہ یونیورسٹی کا باقاعدگی سے کانووکیشن کا انعقاد اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں نہ صرف بلا تعطل جاری ہیں بلکہ اس کے گریجوایٹس عملی میدان میں اپنی کامیابیوں کی باقاعدہ اسناد حاصل کرکے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار اداکررہے ہیں اور ملک کے سرکاری و نجی ادارے ان کی خدمات سے باقاعدہ استفادہ کررہے ہیں ۔

اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے اپنے کام کے حوالہ سے رپورٹس پیش کیں۔اجلاس میں ڈینز ، کمیٹیوں کے سربراہان ، رجسٹرار ، کنٹرولر امتحانات ، ڈائریکٹر فنانس ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر مینٹینینس نے شرکت کی۔کانووکیشن کی ریہرسل جناح آڈیٹوریم میں بروز سوموار 25 دسمبر 9-00 بجے صبح کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :