خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے میں ضلع گجرات نے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

بدھ 13 دسمبر 2017 22:51

لالہ موسیٰ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے میں ضلع گجرات نے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا ، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے بہترین کارکردگی پر لوکل گورنمنٹ کے افسران، یونین کونسلوں کے چیئرمین صاحبان، یونین کونسلوںکے سیکرٹریز، ڈی سی آفس کی آئی ٹی ٹیم کی کارکردگی کو زبردست سراہا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے تحت دیہی یونین کونسلوں میں شامل مختلف دیہات میں عرصہ دراز سے قائم کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ختم کرنے کیلئے صوبہ بھر کے دیگر اضلاع کیطرح گجرات کی117دیہی یونین کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں کی وارڈز میں بھی صاف دیہات پروگرام کا آغاز کیا گیا ، پہلے مرحلے میں اس پروگرام کے تحت یونین کونسلوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے فنڈز بھی جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا اور چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ضلع بھر کے چیئرمین یونین کونسلز اور سیکرٹریز سے میٹنگز کیں اور تینوں تحصیلوں کے دورے کئے ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خرم محمود، اے ڈی ایل جی عثمان سرور ، سی او ضلع کونسل محمود اقبال گوندل نے انکی بھرپور معاونت کی جبکہ آئی ٹی ٹیم کے ممبران دانش مرزا، محمد اسد، اربن یونٹ کے محسن وقار نے دیہی علاقوں کو صاف بنانے کیلئے سرگرمیوں کو باقاعدگی سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پورٹل پر اپ ڈیٹ کرتے رہے۔

گزشتہ روز خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے اختتام تک ضلع گجرات صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن پر تھا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے کہا کہ ضلع گجرات کی ٹاپ پوزیشن ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، دیہی علاقوں کو صاف ستھر ا رکھنے کیلئے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا جس میں حکومت پنجاب دیہی یونین کونسلوںکو اضافی وسائل بھی دیگی۔

متعلقہ عنوان :