پاکستان کے خلاف کسی قوت کو برداشت نہیں کریں گے، ڈی جی رینجرز سندھ

جن کا نام کراچی میں خوف کی علامت تھا ان کے لیے کسی قسم کی معافی نہیں ہوگی کراچی کی کسی جماعت میں ٹارگٹ کلرز کی تنظیم نہیں بننے دی جائے گی،میجر جنرل محمد سعید

بدھ 13 دسمبر 2017 22:50

پاکستان کے خلاف کسی قوت کو برداشت نہیں کریں گے، ڈی جی رینجرز سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2017ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی قوت کو برداشت نہیں کریں گے جب کہ جن کا نام کراچی میں خوف کی علامت تھا ان کے لیے کسی قسم کی معافی نہیں ہوگی، کراچی کی کسی جماعت میں ٹارگٹ کلرز کی تنظیم نہیں بننے دی جائے گی۔کراچی میں سینئر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے کہا کہ کراچی آپرشن کے چار برسوں میں جرائم میں نمایاں کمی آئی، 2013 سے قبل شہر میں یومیہ 8 سی10 کروڑ بھتہ مانگا جاتا تھا تاہم اب یہ شرح انتہائی کم سطح پر ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ رواں سال بھتہ خوری کے صرف چار واقعات رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی آپریشن کے شہر پر مجموعی طور پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی، رواں سال میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہواجب کہ ٹارگٹ کلنگ میں 45 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 15 واقعات میں انصار الشریعہ ملوث تھی۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ 2013 میں کراچی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھااب باون پر ہے، رواں سال 1400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز اور ڈکیت پولیس کے حوالے کئے ایسے ملزمان بھی تھے جو تیسری اور چوتھی بار گرفتار ہوئے جب کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلزاور ڈاکوؤں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کی تجویز بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ سوچ پر پہرہ نہیں لگ سکتا، لیکن ہتھیار اٹھانے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے۔ جن کے نام سے کراچی میں خوف تھا ان کیلئے معافی نہیں۔ 2017ء میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، لیکن چھری مارنے کے وا اقعات کو غیرضروری اجاگر کرنے سے شہر کا تاثر خراب ہوا۔/#