ٹیکس کا دائرہ بڑھا کر آمدنی میں اضافہ کریں،ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ کی افسران کو ہدایت

بدھ 13 دسمبر 2017 22:47

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ محمد عباس بلوچ نے میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ سمیت شکارپور، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے چیف میونسپل افسران کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قانون کے مطابق ٹیکس کا دائرہ بڑھا کر آمدنی میں اضافہ کریں۔ گذشتہ روز اپنے دفتر میں میونسپل افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے میونسپل فنانس اسیسمنٹ اسٹڈی کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مالی سال 13-2012 سے 17-2016 تک پانچ سالوں کی ڈیٹا فراہم کی جائے جس میں پانچ سالوں کے بجٹ بکس، فنانشل اسٹیٹمنٹ، بینک اسٹیٹمنٹ، بینک اکاؤنٹس کی تفصیل، اصل آمدنی کے ذرائع، ہیڈ وائیز اصل اخراجات کے تفصیلات، میونسپل چارجز، ٹیکس، ریٹس، سیس، فیز، وصولی کے اعداد و شمار، میونسپل املاک کی تفصیلات، رینٹ چارجز، کرایہ، پانی کنیکشن کے تفصیلات، وصول کئے گئے بل، واٹر سپلائی، سیوریج، فائر فائٹنگ، پارکس اور روڈ کے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر محکمہ لوکل گورنمنٹ لاڑکانہ ڈویزن کے ڈائریکٹر کو تمام اسٹڈی کرنے کے لئے فوکل پرسن تعینات کرتے ہوئے کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل کی آمدنی میں اضافے کے لئے قانون کے مطابق متبادل راستے تلاش کریں تاکہ سندھ حکومت پر کم از کم بار پڑھ سکے اور میونسپل ادارے اپنی شہروں میں بھی بہتر انداز میں کام کرسکیں۔ بعد ازاں کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے ایک غریب معذور کو وہیل چیئر بھی دی۔