وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو یقینی بنانے اور املاک کو محفوظ بنانے کیلئے 4500 اہلکاروں پر مشتمل ’’اینٹی رائٹس فورس‘‘ کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا،

وفاقی پولیس کو دو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی گئیں، فورس کو ترک پولیس کی طرز پر تربیت دی جائے گی انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 22:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو یقینی بنانے اور املاک کو محفوظ بنانے کیلئے 4500 اہلکاروں پر مشتمل ’’اینٹی رائٹس فورس‘‘ کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا، وفاقی پولیس کو دو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی گئیں، فورس کو ترک پولیس کی طرز پر تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اس حوالہ سے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا گیا کہ اس یونٹ کو مزید سہولیات بھی جلد فراہم کی جائیں گی، پنجاب پولیس انسٹرکٹرز جنہوں نے ترک پولیس کے انسٹرکٹرز سے تربیت حاصل کی ہے، کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی اور فساد کی روک تھام کیلئے وزیر داخلہ کی ہدایات کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں، اینٹی رائٹس فورس قائم کرکے تربیت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ وفاقی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اینٹی رائٹس فورس کو بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے ہمکنار کرنے کے ساتھ اسے جدید آلات سے بھی آراستہ کیا جائے گا، اسی مقصد کے تحت وفاقی پولیس کو دو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔