․پرویز مشرف سے کراچی سائوتھ ریجن کے صدر احمد حسین کا ٹیلی فونک رابطہ ، 7جنوری کو کراچی میں ہونیوالے جلسے کی تیاریوں سے آگاہ کیا

آل پاکستان مسلم لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتیں لسانیت کو فروغ دے رہی ہیں، پرویز مشرف ہمیں لسانیت کو نہیں پاکستانیت کو فروغ دینا ہے، لسانیت پھیلانے والی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر پا رہا ہے، گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 22:44

․پرویز مشرف سے کراچی سائوتھ ریجن کے صدر احمد حسین کا ٹیلی فونک رابطہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف اور کراچی سائوتھ ریجن کے صدر احمد حسین کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ اے پی ایم ایل کے اعلامیہ کے مطابق احمد حسین نے سید پرویز مشرف کو 7 جنوری 2018 کو کراچی میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پرویز مشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا 7 جنوری لیاقت آباد میں ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتیں لسانیت کو فروغ دے رہی ہیں۔سید پرویز مشرف نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے ، جس نے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لسانیت کو نہیں بلکہ پاکستانیت کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

لسانیت پھیلانے والی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر پا رہا ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا جلسہ کرنے کا مقصد پاکستانیت کو فروغ دینا ہے۔ دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ سندھ ساتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل سندھ ساتھ ریجن نے 7 جنوری کو لیاقت آباد فلائی اوور پر جلسہ منعقد کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو باقاعدہ تحریری درخواست جمع کرا دی ہے ۔

اپنے جاری بیان میں احمد حسین نے کہا کہ یہ درخواست اے پی ایم ایل ساتھ ریجن کے جنرل سیکرٹری اسلم مینائی ، ضلع وسطی کے صدر سرفراز علی اور جنرل سیکرٹری آصف خان کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے ۔ اس درخواست میں اے پی ایم ایل کے رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو آگاہ کیا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ ساتھ ریجن سندھ کی جانب سے 7 جنوری کو لیاقت آباد 10 نمبر فلائی اوور پر عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا جبکہ 6 جنوری کی شب جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے ورائٹی پروگرام بھی منعقد ہو گا ۔

اس درخواست میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اس عوامی جلسے سے اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف خطاب کریں گے ۔ اے پی ایم ایل نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ اس جلسے کی تحریری اجازت فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ کراچی بھر میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی جانب سے اے پی ایم ایل کی اس درخواست کو جمع کر لیا گیا ہے ۔

دوسری جانب اے پی ایم ایل سندھ ساتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے پارٹی کے تمام عہدیداروں اور شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس جلسے کے حوالے سے فوری طور پر تیاریوں کا آغاز کر دیں ۔ احمد حسین نے کہا کہ یہ جلسہ اے پی ایم ایل کی جانب سے کراچی میں ایک بڑا عوامی اجتماع ہو گا ، جس میں ہم اپنی بھرپورسیاسی اور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے ۔