بہتر مستقبل اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی ،آمر کی جانب سے کی جانیوالی ہر سازش کو ناکام بنانا ہوگا‘ بلاول بھٹو

والدہ کہا کرتی تھیں جو زندگی وہ جی رہی ہیں انہوں نے نہیں اس زندگی نے انہیں چنا ہے،یہی معاملہ میرے ساتھ ہے‘ انٹر ویو

بدھ 13 دسمبر 2017 22:42

بہتر مستقبل اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی ،آمر کی جانب سے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں بہتر مستقبل اور ترقی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی اور آمر کی جانب سے کی جانے والی ہر سازش کو ناکام بنانا ہوگا، اگر میں کہوں کہ میری کوئی ذاتی زندگی بھی ہے تو یہ جھوٹ ہوگا ،والدہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ جو زندگی وہ جی رہی ہیں اسے انہوں نے اپنے لیے نہیں چنا، اس زندگی نے انہیں چنا ہے،اب یہی معاملہ ان کے ساتھ ہے، اپنی موجودہ زندگی کا انتخاب انہوں نے خود نہیں کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹر ویو میں خود بلاول نے اعتراف کیا کہ وہ تنہائی کا شکار ہیں،اگر وہ کہیں کہ ان کی کوئی زندگی ہے تو یہ جھوٹ ہوگا۔بلاول بھٹو نے اپنے بچپن اور اپنے ماں کے ساتھ گزرے لمحوں کا بھی ذکر کیا اورکہا کہ اگر مخالفین ان کے خاندان کو نشانہ بنانا اور قتل کرنا بند کردیتے تو آج شاید ان کی والدہ دفتر خارجہ میں اور وہ خود ابھی زیر تعلیم ہوتے۔

(جاری ہے)

بلاول کا کہنا تھا کہ میری ماں ایک آئرن لیڈی تھیں، وہ اکثر کہتی تھیں کہ انہوں نے اس زندگی کو نہیں، بلکہ زندگی نے ان کو اس مقصد کیلئے منتخب کیا ہے اور شاید میرے ساتھ بھی کچھ یہ ہی ہوا ہے، میں نے نہیںاس زندگی نے مجھ سے کام کرانے کیلئے یہ انداز چنا ہے۔اپنے جذبات کو لفظوں میں ڈھالتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کے بہتر مستقبل اور ترقی کیلئے اپنے جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا، جب کہ آمر کی جانب سے کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ میرے نانا نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کی بات کی۔ انہوں نے سب سے پہلے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔ پچاس سال سے یہ نعرہ سندھ دھرتی کی جان ہے۔ میرے نانا نے ہر پاکستانی کو ایک باوقار زندگی گزارنے کا درس دیا۔اپنی ماں کے انتقال سے متعلق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیر کے قتل کے بعد وہ لمحے اور وقت بڑا تکلیف دے تھا۔ اپنی سکیورٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھا کہ مجھے سکیورٹی سے متعلق کوئی خدشات نہیں اور نہ میں نے کبھی اس کی پروا کی ہے۔