کارگل پر نوازشریف نے فوج کی بے عزت کرائی ،شاہد خاقان اچھے انسان مگر حکومت درست انداز میں نہیں چلا پا رہے ،شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کو ماڈل ٹائون کمیشن رپورٹ کے مطابق سزا ضرور ہونی چاہیے،بھارت امریکہ سے حافظ سعید کے خلاف اپنی مرضی کے بیان دلوا رہا ہے ، دور صدارت میں میری حافظ سعید سے ملاقات ہوئی، بھارت سے ایسے ہی معاملات رکھے جائیں جیسے وہ ہمارے ساتھ رکھ رہا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

بدھ 13 دسمبر 2017 22:38

کارگل  پر نوازشریف نے فوج کی  بے عزت کرائی ،شاہد خاقان اچھے انسان  مگر ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ وسابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کارگل کے معاملے پر نوازشریف نے فوج کی بے عزتی کرائی ،شاہد خاقان عباسی ایک اچھے انسان ہیں لیکن وہ حکومت درست انداز میں نہیں چلا پا رہے شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کو ماڈل ٹائون کمیشن رپورٹ کے مطابق سزا ضرور ہونی چاہیے،بھارت امریکہ سے حافظ سعید کے خلاف اپنی مرضی کے بیان دلوا رہا ہے ، ، ہندوستان کیساتھ ایسے ہی معاملات رکھنے چاہیئں جیسے ہندوستان ہمارے ساتھ رکھ رہا ہے ۔

بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ نوازشریف اپنے اختیارات نہیں چلاتے ، ملک کی معاشی حالت سب کے سامنے ہے ، آئین میں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ، نوازشریف نے کرپشن کی ہے اب ٹرائل کا سامنا کریں ،کارگل کی حقیقت چوہدری شجاعت حسین اور راجہ ظفر الحق بتا سکتے ہیں ، کارگل کے معاملے پر نوازشریف نے فوج کی بے عزتی کرائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے ماہر ہیں ، میرے خلاف تمام مقدمات جعلی بنائے گئے ، میں نے نوازشریف کی طرح ملک کو نہیں لوٹا ، لوگ نوازشریف کا مذاق اڑارہے ہیں ، قانونی اصلاحات کی ضرورت ہے ، شاہد خاقان عباسی ایک اچھے انسان ہیں لیکن وہ حکومت درست انداز میں نہیں چلا پا رہے کیونکہ وہ شریف خاندان کے زیر اثر ہیں ، جمہوریت کی ضروریات پوری ہونی چاہیں اور چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہیے ، وزراء ٹی وی پروگرام میں بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں ۔

میں نے کبھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مظاہرین فائرنگ کا حکم نہیں دیا جبکہ ماڈل ٹائون میں مطاہرین پر ڈائریکٹ فائرنگ کی گئی ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو ماڈل ٹائون کمیشن رپورٹ کے مطابق سزا ضرور ہونی چاہیے ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ حافظ سعید اور لشکر طیبہ کو بنانے والے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں ، حافظ سعید اور لشکر طیبہ نے پاکستان میں ایک گولی تک نہیں چلائی ، بھارت امریکہ سے حافظ سعید کے خلاف اپنی مرضی کے بیان دلوا رہا ہے ، کیا بھارت یہ مان رہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کا تعلق بھارتی بحریہ سے ہے ، میں جب آرمی چیف اور صدر تھا تو میری حافظ سعید سے ملاقات ہوئی، حافظ سعید مجاہدین کے کاموں میں شامل تھے ، ہندوستان کیساتھ ایسے ہی معاملات رکھنے چاہیئں جیسے ہندوستان ہمارے ساتھ رکھ رہا ہے ۔