وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی میئر استنبول سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

دونوں رہنمائوں کی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائینگے اورشہری سہولتوں کی بہتری کیلئے تعاون کو جاری رکھیں گے، میلوت یوسال

بدھ 13 دسمبر 2017 22:26

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی میئر استنبول سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور ..
لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی میں استنبول کے میئر میلوت یوسال سے ملاقات کی۔ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اوراستنبول کے مابین مختلف شعبوں خصوصاً شہری سہولتوں میں بہتری کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤںنے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے ۔ مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلہ مشرق وسطی میں امن کوسبوتاژکرسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلامی دنیا کو اس اہم ترین مسئلے پر یکجاہوکر موثر حکمت عملی اپنانی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورترکی کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیںاورترکی میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میں ترک قیادت اور عوام کا پاکستان کیساتھ ہر شعبہ میں وسیع تعاون اور بھرپور حمایت پر شکر گزار ہوں اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت کے دور میں دونوں ملکوں کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات مفید معاشی روابط میں ڈھل چکے ہیں۔

پاکستانی عوام ترکی اور ترک عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی نے بے پناہ ترقی کی ہے اورترک عوام اپنے قائدرجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان لازوال تاریخی تعلقات موجود ہیں ۔ پاکستان اورترکی کے عوام یکجان دوقالب ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے مابین باہمی احترام کا مضبوط رشتہ موجود ہے اور ہرگزرتے لمحے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے ۔وزیراعلی نے مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مضبوط اور موثر موقف اپنانے پر ترک قیادت کی تعریف کی اورکہاکہ ایسا موقف اپنا کر ترک قیادت نے امت مسلمہ کی بھرپور ترجمانی کی ہی- میئراستنبول نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے اورشہری سہولتوں کی بہتری کیلئے بھی تعاون کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے صوبے کی ترقی کیلئے مثالی کام کیا ہے اورہم آپ کی محنت اورعزم کے قائل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے فلاح عامہ کے کام ایک رول ماڈل بن چکے ہیں اور جس تیز رفتاری سے آپ نے منصوبوں کو مقررہ مدت سے بھی قبل مکمل کیا ہے وہ ایک مثال بن چکا ہے۔ میئر استنبول نے کہا کہ محمد شہبازشریف صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو مشن کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔ بلا شبہ محمد شہباز شریف نے پنجاب بالخصوص لاہور کو ترقی کے لحاظ سے بدل کر رکھ دیا ہے - میں محمد شہباز شریف کی کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور انشاء اللہ پنجاب کو ترقی یافتہ اورخوشحال صوبہ بنانے کیلئے ہم اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گی-