جعلی اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والی فیکٹری مالکان گرفتار،مقدمات درج، پی ایف اے

بدھ 13 دسمبر 2017 22:25

راولپنڈی13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور ناقص اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے افراد کے خلا ف کاروائی کرتے ہوئے جعلی ملاوٹ زدہ مرچیں، ناقص مکھن تیار کرنے والی بڑی فیکٹریاں پکڑ لی ہیں، جبکہ فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔پی ایف اے حکام کے مطابق راولپنڈی کے علاقوں چک بیلی اور روات میں بڑی کارروائیاں کی گئیں جس دوران عدنان خورشید سپائس پروڈکشن اور خورشید بٹر فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران سپائس فیکٹری سے 1100کلو مرچیں، 900کلو مصالحے ، بھاری مقدار میں چوکر اور برادہ برآمد کیا گیا، جبکہ فیکٹر ی سے معروف برانڈز کے بریانی ، اچار گوشت مصالحے ، لذیذہ کھیر کی3800 ساشے بھی برآمد ہوئے ہیں، دریں اثناء خورشید بٹر فیکٹری سی1900لیٹر تیار جعلی مکھن، 400کلو بناسپتی گھی، ناقص فوڈ کلر برآمد کر کے تلف کر دیے گئے۔جعلی اشیاء خوردنوش بڑے پیمانے پر قریبی شہروں کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں بھی سپلائی کی جاتی تھی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں موقع پرہی گرفتارکر لیا گیا ہے ۔