پاک فوج قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی حمایت کرتی ہے‘ فاٹا میں دیر پا امن و استحکام کے لئے اقدامات کررہے ہیں‘

فاٹا کے مستقبل کے لئے فاٹا کے عمائدین اور یوتھ جرگہ کے خیالات کی قدر کرتے ہیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی فاٹا کے عمائدین اور یوتھ جرگہ کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 22:22

پاک فوج قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت اور امن و استحکام کے لئے قبائلی عوام کی قربانیوںکو سراہتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی حمایت کرتی ہے‘ فاٹا میں دیر پا امن و استحکام کے لئے اقدامات کررہے ہیں‘ فاٹا کے مستقبل کے لئے وفد کے خیالات کی قدر کرتے ہیں۔

وہ بدھ کو فاٹا کے عمائدین اور یوتھ جرگہ کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے عمائدین اور نوجوانوں کے وفود سے الگ الگ تفصیلی گفتگو کی۔ وفد نے پاک فوج کی فاٹا میں امن و استحکام کے قیام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

وفود نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین اور یوتھ کی مکمل حمایت کو بھی سراہا۔ فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے وفود کے خیالات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کے ذریعے کامیابیاں حاصل کی ہیں، اب ہم استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر سکیورٹی اقدامات اور تعاون کوبڑھانے کے حوالہ سے افغان قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔

آرمی چیف نے دونوں وفود کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج فاٹا کو عوامی خواشات کے مطابق قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے فاٹا کے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ بطور مستقبل کی قیادت فاٹا میں امن اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔کورکمانڈر پشاور‘ ڈی جی آئی ایس آئی‘ سی جی ایس اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام اس موقع پر موجود تھے۔