موجودہ حکومت نے صوبے میں تاجر براداری کے مسائل حل کرنے ،کاروبار دوست ماحول یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ،

جب حکومت میں آئے تو دہشت گردی ، بھتہ خوری و کرپشن کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر تھیں، آج حالات بدل چکے ہیں ،یہ واحد حکومت ہے جس نے اپنے اختیارات ختم کر کے اداروں کو بااختیار بنایا ہے ، سو فیصد نہ صحیح مگر ہر ادارے کو خدمات کی فراہمی کیلئے قابل عمل ٹریک پر ڈال دیا ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک کا مرکزی انجمن تاجران نوشہرہ نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف بردار ی سے خطاب

بدھ 13 دسمبر 2017 22:19

موجودہ حکومت نے صوبے میں تاجر براداری کے مسائل حل کرنے ،کاروبار دوست ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے میں تاجر براداری کے مسائل حل کرنے ،کاروبار دوست ماحول یقینی بنانے کیلئے بھی اہم اقدامات کئے ہیں، جب حکومت میں آئے تو دہشت گردی ، بھتہ خوری اور کرپشن کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر تھیں، آج حالات بدل چکے ہیں ،یہ واحد حکومت ہے جس نے اپنے اختیارات ختم کر کے اداروں کو بااختیار بنایا ہے ،سو فیصد نہ صحیح مگر ہر ادارے کو خدمات کی فراہمی کیلئے قابل عمل ٹریک پر ڈال دیا ہے ۔

وہ بروز بدھ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں مرکزی انجمن تاجران نوشہرہ کی نو منتخب کابینہ کی حلف بردار ی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر میاں جمشیدالدین کاکا خیل، صدر انجمن تاجران خیبرپختونخوا مہر الٰہی، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران خیبرپختونخوا احسان باچا اور ضلعی صدر انجمن تاجران نوشہرہ خالد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور امن کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل میں صوبائی حکومت کی گہری دلچسپی کو سراہا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی حکومت نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش اور مدد کی ہے ،ارادةً کسی بھی مطالبے میں تاخیر نہیں کی ،،کل وقتی طور پر سسٹم کو ٹھیک کرنا ان کا شوق اور پی ٹی آئی کا منشور تھا۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ جانتے ہیں کہ ہمیں کس طرح تباہ حال ادارے ملے تھے تعلیم ،صحت ، پولیس جیسے اہم ترین شعبے بھی بدترین سیاسی مداخلت کے شکار تھے حکمرانی کا سارا نظام ہی ناکارہ ہوچکا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے خیبرپختونخوا اور اس کے اداروں کا ماضی سے موازنہ کرے تو فرق واضح نظر آئیگا ،ان کی حکومت نے ایسا نظام دینے کی کوشش کی ہے جس میں بغیر کسی سفارش اور سیاسی مداخلت کے ادارے اپنا کام کرے یہی واحد صورت ہے جو پاکستان کے حالات بہتر کر سکتی ہے پاکستان کے ترقی کے دوڑ میں پیچھے رہ جانے کی وجہ بھی سیاست زدہ ادارے ہیں جو کرپٹ اور بے ایمان لیڈروں کی پیداوار ہے جنہوں نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو عزیز رکھا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کو بھی ترقی یافتہ اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں تو قوم کو بے ایمانی چوری اور لوٹ مار کے خلاف اٹھنا ہوگا اور ایماندار قیادت کو آگے لانے کیلئے بحیثیت قوم فیصلہ کرنا ہوگا جب کوئی قوم فیصلہ کر لیتی ہے تو اس کی ترقی یقینی ہوتی ہے چین کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کی مارکیٹ دنیا بھر میں پھیل چکی ہے ٹیکس کی ضرورت اور اہمیت پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واحد ملک ہے جس میں ٹیکس دینے پر لوگ خفہ ہوتے ہیں اگر ایمانداری سے ٹیکس دے تو حالات مزید بہتر ہو سکتے ہیں ٹیکس دینے والوں کی تعداد جتنی زیادہ ہوگی فی کس ٹیکس کی شرح اتنی ہی کم ہوگی جب ٹیکس چوری ہوتا ہے تو معاملات خراب ہوتے ہیں بحیثیت قوم ذمہ داری بنتی ہے کہ ٹیکس بھی ایمانداری سے ادا کرے اور قومی وسائل کے شفاف استعمال کیلئے ایماندار قیادت کا بھی انتخاب کرے تاکہ عوام کے ادا کردہ ٹیکسوں اور دیگر وسائل کا قومی ترقی کیلئے استعمال یقینی ہو سکے قبل ازیں وزیراعلیٰ نے نومنتخب کابینہ کا باضابطہ حلف لیا حلف لینے والوں میں چیئرمین انجمن تاجران ضلع نوشہرہ حاجی سعید بخش، صدر انجمن خالد خان افریدی، سینئر نائب صدر حاجی محمد نذیر ،ضلعی جنرل سیکرٹریز ارشد خان ، سردار علی اور فیض الباری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری شہزاد ، نائب صدور شاہ زمین، قیصر خان ، ہارون باچا، جہانزیب، عالمگیر ، محمد طاہر، دامان خان ، فنانس سیکرٹری مکرم خان، جائنٹ سیکرٹری شکیل احمد خان، سیکرٹریز اطلاعات محمد ظاہر ، ندیم خان ، محمد واجد اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :