سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے آڈیٹر جنرل کے اختیارات و فرائض سے متعلق

ترمیمی بل 2017ء کی مشروط منظوری دیدی کمیٹی کو انسداد منشیات ڈویژن، وزارت خزانہ اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ

بدھ 13 دسمبر 2017 22:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے آڈیٹر جنرل کے اختیارات و فرائض سے متعلق ترمیمی بل 2017ء کی مشروط منظوری دیتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ وزارت قانون آڈیٹر جنرل کے کوائف سے متعلق رائے دے کہ اس سلسلہ میں مناسب قانون سازی سے مسئلہ حل ہو گا یا پھر اس ضمن میں قواعد میں ترمیم سے مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے تاہم آڈیٹر جنرل کی تعیناتی کے وقت کوائف کو مد نظر رکھا جائے۔

بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسداد منشیات ڈویژن، وزارت خزانہ اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی کو انسداد منشیات ڈویژن نے اپنی کارکردگی اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے رائے دی کہ انسداد منشیات سے متعلق تمام قوانین کو یکجا کیا جائے۔

اراکین نے انسداد منشیات ڈویژن کی جانب سے منشیات کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔ جی آئی ڈی سی سے متعلق کمیٹی نے سمری کی منظوری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اکتوبر سے مسئلے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی اورمسئلہ تاخیر کا شکار ہے۔ کمیٹی نے ہدایت دی کہ اس مسئلے کا جلد سے جلد حل نکالا جا سکے۔ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ سمری سے متعلق تمام معلومات حاصل کریں اور کمیٹی کو آگاہ کریں۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرزمحمد محسن خان لغاری، عائشہ رضار فاروق، سعود مجید، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، عثمان سیف اللہ خان اور محسن عزیز کے علاوہ وزیر برائے نارکوٹکس کنڑول، سیکرٹری نارکوٹکس کنڑول، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، ڈی جی اے این ایف و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :