کرپشن اخلاقی خطرے کے ساتھ پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں بھی رکاوٹ ہے، احسن اقبال

ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی حالیہ درجہ بندی میں پاکستان کا 176ویں نمبر سے 116ویں نمبر پرآنا بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حکومتی کارکردگی ہر پچھلے سال کی نسبت بہتر ہورہی ہے ،انسداد بدعنوانی پر مزید کام کی ضرورت ہے، وزیر داخلہ کا ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں کرپشن کیخلاف منعقدہ سیمینار سے خطاب

بدھ 13 دسمبر 2017 22:10

کرپشن اخلاقی خطرے کے ساتھ پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں بھی رکاوٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن اخلاقی خطرے کے ساتھ پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں بھی رکاوٹ ہے،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی حالیہ درجہ بندی میں پاکستان کا 176ویں نمبر سے 116ویں نمبر پرآنا بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حکومت کی کارکردگی ہر پچھلے سال کی نسبت بہتر ہورہی ہے،انسداد بدعنوانی پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بات بدھ کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں یو این ڈی پی کے اشتراک سے ’’کرپشن کے خلاف متحد ‘‘ ہونے کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن ‘یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر اور سول سائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال شفافیت ‘احتساب اور معاشرے کی زمہ داریوں کو بہتر انداز میں سرانجام دینے کیلئے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشب میں شمولیت اختیارکی ہے یہ فورم 70ممالک کے اتحاد پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او جی پی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے حکمت عملی مرتب کر نے کے لئے حکومت اورسول سوسائٹی کے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسداد بدعنوانی ‘ٹیکس کے معاملات میںانتظامی معاونت کے لئے پاکستان آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن (او ای سی ڈی) میں شمولیت کیلئے پراسیس مکمل کر رہا ہے۔وزیر داخلہ نے شرکاء کو مائیکرو اکنامک کے شعبے میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بہترین تجارتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 5.3فیصد سے زیادہ رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑے معاشی منصوبہ جات بشمول پاک چین اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے ‘ان منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت کی کارکردگی ہر سال پچھلے سال کی نسبت بہتر ہورہی ہے۔سیمینار سے ڈجی جی ایف آئی اے اور یو این ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :