حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں تیزی آگئی

بدھ 13 دسمبر 2017 22:08

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں تیزی آگئی ہے۔ حمزہ شہباز اور میاں شہباز شریف کی ٹیمیں چکوال پہنچنا شروع ہوگئیں ۔ ہر تین یونین کونسلوں کو ایک رکن پنجاب اسمبلی اور پانچ یونین کونسلوں کے اوپر ایک رکن قومی اسمبلی کی مانیٹرنگ ٹیم بنائی گئی ہے یہ ٹیمیں یونین کونسل میں گھر گھر اورگائوں گائوں جاکر لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کریں گی اور موقع پر ہی عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف نے ان مانیٹرنگ ٹیموں کو انتخابات میں صریحاً دھاندلی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تمام غیر قانونی انتخابی مہم کو فوری طور پر روکیں۔ سرکاری وسائل کے ذریعے ووٹر کے اوپر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

نو جنوری کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں مقابلہ مسلم لیگ ن کے چوہدری حیدر سلطان اور پی ٹی آئی کے راجہ طارق افضل کالس کے درمیان ہے۔

تحریک لبیک یا رسول اللہ کے ناصر منہاس ایڈووکیٹ نے بھی اپنی انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے مگر اصل مقابلہ شیر اور بلے کے درمیان ہے۔ چکوال شہر کا پول اس اہم ضمنی الیکشن کے نتائج کا تعین کرے گا۔ گزشتہ تین انتخابات کے اعداد و شمار مسلم لیگ ن کے امیدوار کیلئے حوصلہ افزاء ہیں۔ یہاں سے مسلسل تین انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نے دس سے پندرہ ہزار کے درمیان لیڈ حاصل کی تھی۔ بہرحال گزشتہ چار سالوں میں پاکستان تحریک انصاف نے بھی چکوال شہر کے اپنے ووٹ بینک میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :