بلوچستان قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالامال ہے ،گورنر بلوچستان

بدھ 13 دسمبر 2017 22:05

بلوچستان قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالامال ہے ،گورنر بلوچستان
کوئٹہ۔ 13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل ومعدنیات اور ملنسار افرادی قوت سے مالامال ہے لیکن موجودہ وسائل اور مقامی افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے بیرونی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کا حصول لازمی ہے اور یہ مسئلہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر عملدرآمد سے حل کئے جانے کی توقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے پی اے ایف وار کورس کراچی کے زیرتربیت آفیسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جن کی قیادت ایئروائس مارشل ابرار احمد کررہے تھے۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں تمام شعبوں میں پسماندگی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ارتقاء اور ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں میں حقیقی ترقی کے عمل کے آغاز کے لئے بیرونی سرمایہ اور جدید ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ صوبہ میں ضروری بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کو بھی دل کھول کر فنڈز فراہم کئے جانے چاہئے جو موجودہ صورتحال میں بہتری کا پیش خیمہ ہوسکتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان منتشر آبادی کے ساتھ ساتھ وسیع رقبہ پر مشتمل ہے اور یہاں صورتحال کو قابو میں رکھنا خاصا مشکل کام ہے تاہم موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات سے خاصی بہتری آئی ہے۔

ردالفساد آپریشن سے بھی دہشت گردی کے خاتمے پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہاکہ تعلیم ہر ترقی کی بنیاد ہے اور اس کا اصل مقصد کردار سازی اور اخلاق سنوارنا ہے اگر ہمارے تعلیمی ادارے رواداری کے فروغ اور اختلا ف رائے کا احترام سکھانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی۔ بردباری، رواداری اور اختلاف رائے کے احترام سے ہی ایک صحت مند معاشرے کے لئے راہ ہموار ہوجاتی ہے۔ آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔

متعلقہ عنوان :