ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء نے نیشنل یوتھ کارنیول 2017ء کے مختلف ایونٹس میں پوزیشنیں حاصل کر لیں

بدھ 13 دسمبر 2017 22:05

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے طلباء نے نیشنل یوتھ کارنیول 2017ء کے مختلف قومی و صوبائی سطح کے ایونٹس میں پوزیشنیں حاصل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل یوتھ کارنیول کے مختلف فنون لطیفہ جن میں بیت بازی، گانے اور کامیڈی شامل ہیں، میں ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی سطح پر دو اور صوبائی سطح پر پانچ پوزیشنیں حاصل کرتے ہوئے سرٹیفکیٹس اور نقد انعام حاصل کر لئے۔

ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز پشاور کے زیر انتظام قیوم سٹیڈیم پشاور میں منعقدہ نیشنل یوتھ کارنیول میں پاکستان بھر کی 90 سے زائد یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے نیشنل یوتھ کارنیول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء تعلیمی و تحقیقی میدان میں اپنا لوہا منواتے ہوئے ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی نام پیدا کر رہے ہیں جو نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے ہزارہ ڈویژن کیلئے نیک نامی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انچارج سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر فیصل نوروز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور شب و روز محنت سے یونیورسٹی کے طلباء نے پاکستان بھر میں اپنی کارکردگی ثابت کی ہے جس کیلئے ڈاکٹر فیصل نوروز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ہم نصابی سرگرمیو ں کی سرپرستی جاری رکھے گی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے طلباء کو نیشنل یوتھ کارنیول میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے پر سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دیئے۔